راولاکوٹ کے عوام ضمنی الیکشن میں جھوٹ و فراڈ میں کی سیاست کرنے والوں کو مسترد کر دیں،راجہ محمد فاروق حیدر

آج تعمیر و ترقی کے دعوے کرنے والے عوام کو تنہا چھوڑ کر پلاٹ بیچنے میں مصروف ہیں،آزاد کشمیر کے اندر آج جو نظام قائم ہے اس کیلئے پونچھ کے عوام نے بڑی قربانیاں دی ہیں اور طویل جدوجہد کی ہے،وزیراعظم آزاد کشمیر کا عوامی اجتماع سے خطاب

بدھ 26 دسمبر 2018 16:26

راولاکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 دسمبر2018ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر و صدر پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے راولاکوٹ کے عوام ضمنی الیکشن میںجھوٹ و فراڈ میں کی سیاست کرنے والوں کو مسترد کر دیںپچھلے الیکشن میں حاجی یعقوب نے جعلی نوٹیفیکیشن تقسیم کیے 50کلو میٹر روڈ کے منصوبے کے لیے 2کروڑ روپے رکھے گئے۔

راوالاکوٹ کی سڑکات کے پیسے میرپور اور ڈڈیال منتقل کئے گئے۔ آج عوام کی خدمت کے دعویدار گزشتہ پانچ سال سے پنڈی اور اسلام آباد میں پلاٹ بیچ رہے ہیں۔ حاجی یعقوب کی طرف سے وزارت عظمی کو دعویٰ محض دیوانے کا خواب ہے۔ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کی حکومت ہے پی پی کی نہیں جہاں سرمایہ کاری کے ذریعے عہدے لیے جاتے ہیں اومنی گروپ سکینڈل اسی سرمایہ کاری کا نتیجہ ہے۔

(جاری ہے)

اومنی گروپ منی لانڈرنگ کیس میں ایک فالودہ فروش کا نام بھی آیا ہے کہیں اس کا تعلق جبوتہ سے تو نہیں۔پی پی نے اپنے عرصہ اقتدار کے دوران پانچ سال تک کے عرصہ کے دوران بیل آئوٹ پیکج کے نام آزاد کشمیر کے عوام کو بے وقوف بنایا ۔ آج سردار خالد ابراہیم کے ہمدرد بننے والے عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں ماضی میں انہی کی وجہ سے سردار خالد ابراہیم نے قانون ساز اسمبلی سے استعفیٰ دیا تھا ۔

جب عتیق کمشن کے نام پر ہزاروں افراد کو سفارش پر بھرتی کیا گیاتھا۔ اہلیان پونچھ کی قربانیوں اور محنت کا نتیجہ ہے کہ آزاد کشمیر میں باوقار نظام قائم ہے اور میں وزیر اعظم ہوں۔ ہم جب اپوزیشن میں تھے تب بھی آپ کے حقوق کی آواز اٹھاتے تھے اور آج جب اختیار ملا ہے تو پوری دیانتدار ی کے ساتھ عوام کی خدمت کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔ اڑھائی سال کے عرصہ میں آزاد کشمیر کو مالیاتی طور پر خود مختار بنانے کا ہدف حاصل کیا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر و صدر پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان راولاکوٹ ضمنی الیکشن کے سلسلہ میں ترنوٹی، بنجونسہ ،حسین کوٹ ،کھڑک اور دیگر مقامات پر عوامی اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزراء حکومت چوہدری محمد عزیز ،سردار میر اکبر، مشتاق احمد منہاس ممبر قانون ساز اسمبلی سردار عامر الطاف سردار ارزش اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا جن لوگوں کی اقرباء پروری اور ریاستی وسائل کے غلط استعمال کی وجہ سردار خالد ابراہیم نے قانون ساز اسمبلی سے استعفیٰ دیا تھااور آج یہی لوگ سردار خالد ابراہیم کے ہمدرد بنے پھرتے ہیں۔آج تعمیر و ترقی کے دعوے کرنے والے عوام کو تنہا چھوڑ کر پلاٹ بیچنے میں مصروف ہیں۔آزاد کشمیر کے اندر آج جو نظام قائم ہے اس کے لیے پونچھ کے عوام نے بڑی قربانیاں دی ہیں اور طویل جدوجہد کی ہے۔

اس دھرتی کے عوام کے ساتھ جھوٹ نہیں بول سکتا۔ پی پی نے پانچ سال کے عرصہ میںبیل آو،ْٹ پیکج کے نام پر آزاد کشمیر کے عوام کو بے وقوف بنائے رکھا۔ عوام کو دھوکے میں رکھ کر ماضی کے حکمران اپنی تجوریاں بھرتے رہے ۔منی لانڈرنگ کے میں جن لوگوں کے نام آئے ہیں ان میں ایک فالودہ فروش بھی ہے کہیں اس کا تعلق جبوتہ سے نہ ہو، وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ ان شاء اللہ ہمیں پورا یقین ہے کہ راولاکوٹ کے عوام ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کو کامیاب بنائیں گے۔

یہ اللہ تعالیٰ کی ذات ہے جو لوگوں کے دلوں کو موڑ دیتی ہے اور کوئی لالچ کام نہیں کرتی۔ راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ میرے والد گرامی راجہ محمد حیدر خان کا پونچھ کے خطے سے ایک تعلق رہا۔ حسین شہید نے قسم اٹھائی تھی کہ جب تک ڈوگرہ فوج کو بھگا نہ دوں نہ گھر کا کھانا کھائوں گا نہ کپڑے بدلوں گا۔ یہ شخصیات ہمارا اثاثہ ہیں اس خطے کی نمائندگی سردار انور جیسا نڈر دلیر شخص ہی کر سکتا ہے۔

راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا مخالفین اخلاقیات کے دائرے میں تنقید کریں جواب ہم بھی دے سکتے ہیں مگر ہم اخلاق اور تہذیب کا دامن نہیں چھوڑنا چاہتے۔ پچھلے الیکشن میں حاجی یعقوب نے جعلی نوٹیفیکشن تقسیم کئے 50کلو میٹر سڑک کے لیے 2کروڑ روپے رکھ کر عوام سے دھوکہ کیا۔ پونچھ کی شاہرات کے فنڈز دیگر اضلاع میں منتقل کئے گئے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پہلی مرتبہ جامع منصوبہ بندی کے تحت ترقیاتی کام کئے جا رہے ہیں آزاد کشمیر کی تام مرکزی شاہرات کی اپ گریڈیشن کے کام اسی سال مکمل ہو جائیں گے اس کے بعد لنک روڈز کی اپگریڈشن کی جائے گی۔

اس موقع پر ان علاقوں میں نئے شامل ہونے والے والوں کا میاں محمد نواز شریف ، میاں محمد شہباز شریف اور محترمہ مریم نواز، سردار سکندر حیات خان اور آزاد کشمیر کی ساری لیگی قیادت کی طر ف سے خیر مقدم کرتا ہوں اور لیگ میں شامل ہونے والوں کو مایوس نہیں ہونے دیں گے۔

راولا کوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں