اپنے بچوں کو ایسی معیاری تعلیم دلائیں جس کے بدولت وہ اگلے بیس سالوں میں چین ، امریکہ ، برطانیہ ، جرمنی اور دیگر ترقی یافتہ ممالک کے نوجوانوں کا مقابلہ کرنے کے قابل بن جائیں

صدرآزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان کا راولاکوٹ کے نواحی قصبہ میں جلسہ سے خطاب

بدھ 17 اپریل 2019 19:44

راولاکوٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2019ء) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ اپنے حقوق کا شعور رکھنے والے لوگوں کو زیادہ دیر تک پسماندہ نہیں رکھا جا سکتا ۔ معاشرے میں شعور اور آگاہی پیدا کرنے کا واحد ذریعہ تعلیم ہے جس کے بغیر سماجی اور اقتصادی ترقی کی معراج تک پہنچنا نا ممکن ہے ۔ راولاکوٹ کے حلقہ چار کے رہاڑہ قصبہ میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے علاقے کے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو ایسی معیاری تعلیم دلائیں جس کے بدولت وہ اگلے بیس سالوں میں چین ، امریکہ ، برطانیہ ، جرمنی اور دیگر ترقی یافتہ ممالک کے نوجوانوں کا مقابلہ کرنے کے قابل بن جائیں۔

تقریب سے جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود ، آزادجموں و کشمیر کونسل کے رکن سردار عبدالخالق وصی ، ڈاکٹر شاہد خان، سابق ڈائریکٹر جنرل صحت عامہ ڈاکٹر شبیر، مسلم لیگ (ن) رہاڑہ کے رہنما جاوید اختر ، پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما امجد جلیل ، سردار محمد عزیز خان ، سردار ریاض روشن ، سردار الطاف خان و دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ رہاڑہ کی تعمیر و ترقی اور اسے دوسرے علاقوں کے برابر لانا حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے لیکن اپنی حقوق کے لئے رہاڑہ کے عوام کو مسلسل جدوجہد کرنا ہو گی اور اس مقصد کے لیے اتحاد و اتفاق بنیادی شرط ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی معاشرے میں صرف وہی لوگ آگے بڑھتے ہیں جو اپنے حقوق کا پہرہ دیتے ہیں اور اپنے حق کے لیے مسلسل جدوجہد کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ حقوق کی جدوجہد میں لوگوں کی محدود تعداد پیش پیش ہوتی ہے لیکن جب وہ کامیاب ہوتے ہیں تو پور ا معاشرہ اور کمیونٹی کامیاب ہو جاتی ہے ۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اپنے آبائواجداد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنی سماجی ، مذہبی ، اور تہذیبی اقدار کی حفاظت اور پاسداری کریں اور سیز فائر لائن کے دوسری جانب اپنی اُن بہنوں او بھائیوں کی مدد کریں جنہیں اپنی ہی سر زمین میں اجنبی بنا دیا گیا ہے اور جن پر انسانیت سوز مظالم کے پہاڑ ڈھائے جا رہے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے آج سے دو سو سال قبل منگ کی سرزمین پر اپنا خون بہا کر جس سفر کا آغاز کیا تھا اُس کے منزل ابھی نہیں آئی لیکن اس بات پر کامل یقین رکھنے کی ضرورت ہے کہ وہ منزل ایک دن ضرور آئے گی اور ہم اپنے مقصد میں ضرور کامیاب ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سفر کی تکالیف سے گھبرا کر اس راہ کو ترک نہیں کرنا بلکہ پورے عزم اور حوصلے کے ساتھ اپنی اُن بہنوں اور بھائیوں کے ساتھ ہم آواز رہنا ہے جو تاریخ کی بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا دشمن نہایت مکار ہے جس نے اُن علاقوں کو بطور خاص اپنا ہدف بنا لیا ہے جہاں ہمارے بزرگوں نے اپنی گردنیں کٹوا کر ہمیں غیر ت اور حریت کا درس دیا تھا ۔ ہمیں دشمن کی چالوں کو سمجھنا ہو گا اور اپنے سفر آزادی کی سمت کو درست رکھنا ہو گا ورنہ ہماری دو سو سالہ قربانیاں رائیگاں چلی جائیں گئی ۔ صدر سردار مسعود خان نے رہاڑہ کے عوام کو یقین دلایا کہ رہاڑہ میں نرسنگ کالج کے قیام، راولاکوٹ رہاڑہ روڈ کی پختگی اور رہاڑہ کالج کی بلڈنگ کی تعمیر سمیت دیگر مطالبات پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا اور اس مقصد کے لیے بتدریج عملی اقدامات کیے جائیں گے ۔

قبل ازیں صدر آزاد کشمیر جب رہاڑہ پہنچے تو تمام سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے بڑی تعداد نے اُن کا والہانہ استقبال کیا، اُن پر گل پاشی کی اور نوجوانوں نے آتش بازی کی گھن گرج اور ڈھول کی تھاپ پر اُن کی آمد کا بر جوش خیر مقدم کیا۔

راولا کوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں