راولاکوٹ شہیدوں ، غازیوں اور مجاہدوں کی خوبصورت سر زمین ہے، سردار مسعود خان

بدھ 17 اپریل 2019 19:44

راولاکوٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2019ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ راولاکوٹ شہیدوں ، غازیوں اور مجاہدوں کی خوبصورت سر زمین ہے جسے تعمیر و ترقی میں کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے۔راولاکوٹ کو سیاحتی راہداری کا حصہ بنا کر اسے سیاحوں کی جنت بنائیں گے اور اس سلسلے میں حکومت کسی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہیں کرے گی ۔

راولاکوٹ کے باسی اپنے آبائوجداد کی میراث اور اپنے تاریخی ورثے کی حفاظت کے لیے کمر بستہ ہو جائیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کارپوریشن کے ایڈمنسٹریٹر سردار ذاکر شیر افضل اور مسلم لیگ (ن) کے مقامی کارکنوں کی طرف سے منعقدہ ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے سابق وزیر حکومت سردار طاہر انور ، پی ڈی اے کے چیئرمین سردار فرہاد علی ، میونسپل کارپوریشن کے ایڈمنسٹریٹر ذاکر شیر افضل ، سردار عبدالحفیظ خان ، ملک شکیل اعوان ، طلحہ طارق ، نیئر اشرف ، سابق چیئرمین پی ڈی اے سردار عبدالخالق ایڈووکیٹ ، حیدر علی ، عمران اشرف ، سردار مرتضیٰ صادق ، وجیہہ السلام و دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ ہمیں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ راولاکوٹ جہاں آج سے تیس چالیس سال پہلے ایک کالج ہوا کرتا تھا اسی شہر میں ایک مکمل یونیورسٹی ، میڈیکل کالج اور پرائیویٹ و سرکاری تعلیمی اداروں کی پوری ایک بستی آباد ہے ۔ جہاں ہزاروں طلباء و طالبات اپنے علم کی پیاس بجھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج لوگ متمول اور خوشحال ہیں جس میں جہاں اُن کی اپنی محنت اور مشقت کا بڑا حصہ ہیں وہاں یہ سب کچھ اُس آزادی کا ثمر ہے جس کے لیے ہمارے آبائو اجداد نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے تھے انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے راولاکوٹ کے باسیوں کو جن عظیم نعمتوں سے نواز ا ہے اُن میں سب سے بڑی نعمت راولاکوٹ کی خوبصورتی ہے جس کو برقرار رکھنا اہلیان راولاکوٹ کی ذمہ داری ہے انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کے ایڈمنسٹریٹر ذاکر شیر افضل نہایت محنت ، جانفشانی اور غیر روایتی طریقے سے راولاکوٹ کے شہری مسائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

جس کے لئے وہ مبارکباد کے مستحق ہیں انہوں نے کہا کہ مجھے قوی یقین ہے کہ راولاکوٹ کے مسائل جلد حل ہوں گے لیکن اس کے لیے شرط یہ ہے کہ راولاکوٹ کے شہری حکومت کو مسائل کے حل کی طرف توجہ مبذول کروانے کے ساتھ ساتھ خود بھی آگے بڑھ کر مسائل کے حل کے لیے کوشش کریں گے اور متعلقہ محکموں کے ذمہ دار آفیسران کے ساتھ مکالمہ کریں ، مسائل کے حل کے لئے انہیں تجاویز دیں اور اُن کا تعاون حاصل کریں ۔

انہوں نے کہا کہ راولاکوٹ میں پانی کا دیرینہ مسئلہ حل کرنے کے لئے بھرپور کوششیں کی جائیں گی ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بین الاضلاعی سڑکوں اور آزاد کشمیر کو پاکستان کے ساتھ ملانے والی شاہراوں کی تعمیر کے بعد راولاکوٹ سمیت آزاد کشمیر کے دیگر اہم شہروں اور پاکستان کے درمیان فاصلے کم ہوجائیں گے جس کے بعد سیاحوں کی بڑی تعداد ان شہروں میں آئے گی جس کے لیے ہمیں ابھی سے تیاری کرنا ہو گی۔

متعلقہ عنوان :

راولا کوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں