ریاستی حکومت عوام کی ترقی و خوشحالی کے ایک جامع منصوبے پر عمل پیرا ہے ،

منصوبے کے تحت آزادکشمیر کے تمام علاقوں کے لوگوں کو زندگی کی بنیادی سہولتیں بلا امتیاز مہیا کی جارہی ہیں صدرآزاد کشمیر سردار مسعود خان راولاکوٹ کے قریب بیڑی کے مقام پر مسلم لیگ ن کے مقامی کارکنوں سے خطاب

جمعرات 27 اگست 2020 20:22

راولاکوٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اگست2020ء) آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت عوام کی ترقی و خوشحالی کے ایک جامع منصوبے پر عمل پیرا ہے جس کے تحت آزادکشمیر کے تمام علاقوں کے لوگوں کو زندگی کی بنیادی سہولتیں بلا امتیاز مہیا کی جارہی ہیں۔ راولاکوٹ کے قریب بیڑی کے مقام پر مسلم لیگ ن کے مقامی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ ہمیں اپنی سوچ میں تبدیلی لاتے ہوئے اجتماعی مفادات کو سیاست سے بالاتر رکھنا چاہیے تاکہ ہم مل کر ملک کو ترقی و خوشحالی سے ہمکنار کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ جب کسی علاقے میں کوئی سڑک تعمیر ہوتی ہے یا کوئی سکول یا ہسپتال بنتا ہے تو وہ کسی ایک سیاسی جماعت یا طبقے کے لئے نہیں بلکہ اُس علاقے کے سارے لوگوں کے لئے ہوتا ہے، خواہ اُن کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت سے ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں ذرائع مواصلات کی ترقی، شہریوں کو صحت کی سہولتوں کی عالمی معیار کے مطابق فراہمی، سیاحت کافروغ اور زراعت کو جدید خطوط پر استوار حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اگر ہم اجتماعی سوچ کے ساتھ تعمیر و ترقی کے عمل کو آگے بڑھائیں تو کوئی وجہ نہیں کہ ہم بھی دنیا کے دوسرے ممالک کی طرح خوشحالی کی معراج کو نہ پاسکیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن حلقہ پانچ کے صدر سردار عاشق نے دنیا کے مختلف فورمز پر مسئلہ کشمیر کو اس کے حقیقی تناظر میں اجاگر کرنے پر صدر آزادکشمیر کی کاوشوں پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ انشا ء اللہ اُن کی کوششیں جلد رنگ لائیں گی اور مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں اور بہنوں کے مصائب ختم ہونگے۔ سردار عاشق نے صدر آزادکشمیر کی طرف سے راولاکوٹ کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی کاموں کے لئے گہری دلچسپی لینے پر بھی اُن کے تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

قبل ازیں کرنل ریٹائرڈ مصطفی کمال کی قیادت میں سنگولہ کے پندرہ رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے صدر آزادکشمیر نے کہا کہ راولاکوٹ کے حلقہ تین اور چار کے مسائل سے حکومت پوری طرح آگاہ ہے اور ان مسائل کو ترجیحی بنیاد پر حل کرنے کے لئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔ صدر ریاست نے کہا کہ راولاکوٹ کے ان دونوں حلقوں میں سڑکوں کی تعمیر، تعلیم، صحت اور آب رسانی کے مسائل پر پہلے بھی توجہ دی گئی اور آئندہ بھی بھرپور توجہ سے ان مسائل کو حل کرایا جائے گا۔

صدر آزادکشمیر سے ملاقات کرنے والے نمائندہ وفد نے سنگولہ روڈ کی تعمیر میں حائل رکاوٹوں سے صدر آزادکشمیر کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس سڑک کی تعمیر کے لئے ابتدائی کام کے بعد تعمیراتی سلسلہ روک دیا گیا تھا جس سے عوام علاقہ میں سخت تشویش اور مایوسی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے صدر آزادکشمیر سے مطالبہ کیا کہ سنگولہ روڈ کے تعمیراتی کام کو دوبارہ شروع کروایا جائے اور سنگولہ گرلز سکول کی عمارت کی تعمیر میں حائل رکاوٹوں کو بھی دور کیا جائے۔

صدر سردار مسعود خان نے وفد کو یقین دلایا کہ اُن کے تمام جائز مطالبات پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا اور بتدریج ان مسائل کو حل کیا جائے گا۔ صدر ریاست سے ہٹی کوٹ رانٹ سے تعلق رکھتے والے ایک اور عوامی وفدنے سردار آزاد خان کی قیادت میں ملاقات کی اور اُن سے میرعالم مڈل سکول لنک روڈ کے حوالے سے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ صدر ریاست نے وفد کو یقین دلایا کہ اس رابطہ سڑک کو علاقے کی آبادی کی خواہش اور منصوبے کے اصل سکوپ کے مطابق تعمیر کیا جائے گا۔

وفد میں محمد اعظم خان، ہارون الرشید ، شوکت حسین، محمد افتخار، محمد طارق بھی شامل تھے ۔ جبکہ صدر آزادکشمیر سے بلدیہ راولاکوٹ کے ایڈمنسٹریٹر سردار ذاکر شیرافضل اور مسلم لیگ سٹی راولاکوٹ کے سیکرٹری جنرل سردار مرتضیٰ کے علاوہ ممتاز سماجی و سیاسی رہنما سردار توصیف عزیز نے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ بعد ازاں صدر آزادکشمیر نے ہورنہ میرہ رانٹ روڈ، بیروٹہ داتوٹ روڈ اور ٹاور تا داتوٹ روڈ کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر عوام علاقہ کی کثیر تعداد سے مختلف مقامات پر خطاب کرتے ہوئے صدر آزادکشمیر نے کہا کہ ہم ایسی روایات کو پروان چڑھانا چاہتے ہیں کہ لوگ اجتماعی سماجی ترقی کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ کاندھے سے کاندھا ملا کر آگے بڑھیں اور اجتماعی مفاد کے لئے چھوٹے چھوٹے اختلافات کو نظر انداز کر دیں۔ سڑکوں کے نیٹ ورک اور مواصلات کی ترقی کو اجتماعی قومی ترقی کا پہلا زینہ قرار دیتے ہوئے صدر آزادکشمیر نے کہا کہ سڑکیں علاقوں کو باہم جوڑتی ہیں اور لوگوں کو صحت، تعلیم اور کاروباری سرگرمیوں کو مختصر وقت میں انجام دینے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مواصلاتی نظام کی ترقی کے بعد تعلیم اور صحت کے شعبوں پر حکومت بھرپور توجہ دے رہی ہے جس کے لئے عوام حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔

راولا کوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں