راولاکوٹ، سردار خالد ابراہیم آہوں اور سسکیوں کے ساتھ آبائی قبرستان کوٹ متے خان میں سپرد خاک

تدفین کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے، ہر آنکھ اشکبار اور نم ،ضلع پونچھ کی فضاسوگوار رہی حکومت آزادکشمیر نے ایک روزہ سوگ اور ریاست بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا تھا

پیر 5 نومبر 2018 21:04

راولاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 نومبر2018ء) آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن اور جموں وکشمیر پیپلز پارٹی کے سربراہ سردار خالد ابراہیم خان کو پیر کے روز ہزاروں سوگواروں کی موجود گی میں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ آبائی قبرستان کوٹ متے خان میں سپرد خاک کردیا گیا ۔ مرحوم کا نماز جنازہ صابر شہید اسٹیڈیم راولاکوٹ میں اد کی گئی جس میں آزادجموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان ، سپیکر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر ، وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی ، کابینہ کے دیگر اراکین اور ممبران اسمبلی کے علاوہ مرحوم کے عزیز و اقارب اور عوام علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی مرحوم کی تدفین کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار اور نم تھی اور ضلع پونچھ کی فضاسوگوار تھی ۔

(جاری ہے)

مرحوم کی رحلت پر حکومت آزادکشمیر نے ایک روزہ سوگ منانے اور ریاست بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا تھا مرحوم سردار خالد ابراہیم خا ن کی نمازجنازہ کے بعد سوگواران اور عوام علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ مرحوم سردار خالد ابراہیم خان نے ہمیشہ شرافت اور شائستگی کی سیاست کی اور کبھی اپنی سیاست کا رخ تبدیل نہیں کیا سیاست میں اصول پسندی ، سچ اور حق پر ڈٹ جانا ان کی سیاست کا طرہ امتیاز تھا صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ وہ آزادکشمیر میں ان سیاستدانوں میں سے تھے جنہوں نے تامرگ لالچ ، طمع اور عہدے و منصب سے بالا تر ہو کر عوامی خدمت کے جذبے سے سیاست کی اور کبھی مالی منفعت کو اصولی سیاست کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیا ۔

انھوں نے کہا کہ سردار خالد ابراہیم کی وفات سے نہ صرف ان کا خاندان غم زدہ ہے بلکہ پورے آزادکشمیر کے عوام اشکبار ہیں مرحوم سردار خالد ابراہیم خان نے ہر پلیٹ فارم پر آزاجموں و کشمیر کے عوام اورمقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری تحریک آزادی کی بے باکی اور بے خوفی سے ترجمانی کی سردار خالد ابراھیم خان کو ایک صاحب کردار شخصیت قرار دیتے ہوئے سردار مسعود خان نے کہا کہ ان کی ناگہانی وفات سے آزادکشمیر کی سیاست میں جو خلاپیداہوگیا ہے وہ مدتوں پر نہیں ہوپائے گا انھوں نے کہا کہ غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی رحلت کے بعد سردار خالد ابراہیم خان کے ہم سے جدا ہونے سے آزادکشمیر کے عوام بالعموم اور ضلع پونچھ کے عوام جن کے وہ منتخب نمائندہ بھی تھے بالخصوص ایک شائستہ اور باوقار سیاسی راہنماء سے مرحوم ہو گئے ہیں انھوں نے کہا کہ سردار خالد ابراہیم خان نڈر ، بے باک اور اصول پرست سیاستدان ہونے کے ساتھ ساتھ غازی ملت سردارمحمد ابراہیم خان کے فرزند اور ایک بہادر قبیلے کے چشم چراغ بھی تھے اور اس روایت کے وارث تھے جس کا آغاز سردار شمس خان ، سردار ملی خان اور سردار سبز علی خان نے اپنی کھالیں کھینچوا کر کیا تھا اور اسی روایت کو 1947-48میں اسی خطہ کے شہیدوں اور غازیوں نے آگے پڑہایا تھا ۔

صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ سردار خالد ابراہیم خان ایک شریف النفس اور ذاتی زندگی میں اوصاف حمیدہ کے مالک تھے اور ان جیسے راہنماء مدتوں بعد پیدا ہوتے ہیں صدر آزادکشمیر نے کہا کہ سردار خالد ابراہیم خان ان کے عزیز بھی تھے اسلئے ان کی رحلت نہ صرف قومی سطح پر ایک سانحہ ہے بلکہ ان کے کنبے اور قبیلے کے تمام لوگوں کو بھی گہرا صدمہ پہنچا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ مرحوم خالد ابراہیم خان صاحب ایک مقبول اور ہر دلعزیز راہنماء تھے جن کے چاہنے والوں کی تعدا ہزاروں میں نہیں بلکہ لاکھوں میں تھی اور ہر علاقے ہر قبیلے کے لوگ اس بات پر متفق ہیں کہ وہ ایک راست باز اور دلیر سیاسی راہنماء تھے ۔

راولا کوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں