محکمہ جنگلات آزادکشمیر میں جنگلات کی آبیاری اور جنگلات کی دیکھ بھال کیلئے اقدامات کررہا ہے،میر اکبر خان

بدھ 11 مارچ 2020 22:58

راولاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 مارچ2020ء) وزیر جنگلات سردار میر اکبر خان نے کہا ہے کہ محکمہ جنگلات آزادکشمیر میں جنگلات کی آبیاری اور جنگلات کی دیکھ بھال کیلئے اقدامات کررہا ہے ، محکمہ جنگلات کے آفیسران و ملازمین دن رات کی پرواہ کیے بغیر جنگلات کی حفاظت کررہے ہیں ، آزادکشمیر کے چند مقامات کے علاوہ بیشتر مقامات جنگلات سے ڈھکے ہوئے ہیں ۔

جنگلات کے تحفظ کی ذمہ داری صرف محکمہ جنگلات کے ملازمین کی نہیں بلکہ عوام علاقہ کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ جنگلات کی حفاظت کو اپنا فرض سمجھیں ، اگرجنگلات ہوں گے تو ہم بھی صاف و شفاف آب و ہوامیں سانس لے سکیں گئے ورنہ ہمیںسانس لینے کیلئے بھی آکسیجن سلنڈر ا پنے کندھے پر رکھنا ہوگا ۔جولوگ جنگلات میں جان بوجھ کر آگ لگاتے ہیں وہ اس ملک و قوم کے دشمن ہیں ، اور ان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی ، کسی رقبے کو جان بوجھ کر نقصان پہنچانا اور آگ لگانا سخت جرم ہے جس کی سزا ملنی چاہیے ۔

(جاری ہے)

ٹن ملین ٹری سونا می پراجیکٹ کے ذریعے آزادکشمیر کے وسیع و عریض رقبے پر شجر کاری کی جارہی ہے ، اور یہ سلسلہ آئندہ سالوں میں بھی جاری رہے گا، پاکستان کے اکثر مقامات جنگلات سے خالی ہیں جبکہ آزادکشمیر کے صرف چند مقامات پر جنگلات کم ہیں ، جن کو پر کر نے کی کوشش کی جارہی ہے ۔محکمہ جنگلات کے آفیسران و ملازمین اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر جنگلات کی حفاظت کررہے ہیں ، دوران ڈیوٹی انہیں سمگلروں کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے فارسٹ ریسٹ ہائوس عباسپور کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب میں عوام علاقہ ، سیاسی کارکنان ، محکمہ جنگلات کے آفیسران و ملازمین کے علاوہ سول سوسائٹی کے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔اس موقع پر ناظم اعلی جنگلات سردار محمد عارف خان، ناظم جنگلات سردار محمد افتخار خان، ناظم جنگلات ملک عبدالرحمن ، ڈی ایف او پونچھ ظاہر اقبال خان، ڈی ایف او واٹر شیڈ سردار محمد رفیق ، ڈی ایف او تجدید سردار لطیف خان، ڈی ایف او حد بندی ڈاکٹر ذاکر نے بھی خطاب کیا ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار میر اکبر خان نے مزید کہا کہ محکمہ جنگلات کے آفیسران و ملازمین دیانت داری اور فرض شناسی سے اپنے فرائض ادا کریں ۔محکمہ جنگلات کے ملازمین اپنی ڈیوٹی سر انجام دینے کیلئے ہر طرح کی سہولیات دی جائیں گی ، کوشش کی جارہی ہے کہ ملازمین کو ر سل و رسائل کی سہولیات مہیا کی جائیں اور ان کے مسائل کم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔انہوں نے عوام علاقہ سے کہا کہ وہ جنگلات کی حفاظت میں محکمہ جنگلات کے آفیسران و ملازمین کا ساتھ دیں ۔

راولا کوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں