پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی نے آٹھ پارکس کی اپ گریڈیشن کاکام مکمل کر لیا

پارکس اور گرین بیلٹس اور سڑکوں کی تزئین و آرائش اور ان کی خوبصورتی کے لئے بھرپور اقدامات کیے جارہے ہیں، پی ایچ اے ذرائع

جمعہ 19 جنوری 2018 17:01

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2018ء) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی (پی ایچ اے )نے آٹھ پارکس کی اپ گریڈیشن کاکام مکمل کر لیا۔پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی کے ذرائع نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایاکہ پی ایچ اے شہر کو سرسبز اور خوبصورت بنانے کے تمام تر اقدامات کر رہی ہے اور اپنے زیر انتظام پارکس اور گرین بیلٹس اور سڑکوں کی تزئین و آرائش اور ان کی خوبصورتی کے بھرپور اقدامات کیے جارہے ہیں ۔

ذرائع نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایاکہ گذشتہ برس پی ایچ اے نے شہر کے 8پارکس کی تزئین و آرائش بشمول واکنگ ٹریکس ،نئے جھولوں کی تنصیب اور سیکورٹی سسٹم کی تنصیب کی گئی ۔ذرائع نے مزید بتایاکہ سال 2017میں جن پارکس کی اپ گریڈیشن کاکام مکمل کیا گیا ان میں گلزار فاطمہ پارک ،قاری خوشی محمد پارک ،فاروق اعظم پارک ،ڈھوک کھلو پارک ،عطاء شہید پارک ،داور پارک خیابان سرسید ،لالہ پارک اور ہلال پارک شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

سیٹلائٹ ٹائون گلزار فاطمہ لیڈیز پارک میں جاگنگ ٹریک کی مرمت ،جم اور جھولوں کی تنصیب کی گئی جبکہ مذکورہ پارک میں ایک لیڈی انسٹرکٹر بھی تعینات ہے ۔ اسی طرح قاری خوشی محمد پارک کی اپ گریڈیشن کے کام کے دوران 25فٹ بلند مینار پاکستان کا ماڈل بھی بنایا گیاہے ۔پی ایچ اے حکام نے اے پی پی کے استفسار کے باوجود پارکوں کی اپ گریڈیشن پر خرچ کی گئی رقم کی تفصیلات نہیں بتائیں۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں