پی ٹی سی ایل اورآر سی سی آئی کے مابین ڈیجیٹل پاکستان کیلئے شراکت داری

جمعرات 20 فروری 2020 00:04

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2020ء) پاکستان ٹیلی کمیونیکشن کمپنی لمیٹڈ ( پی ٹی سی ایل ) نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز ( آر سی سی آئی) کے ساتھ تذویراتی شراکت داری قائم کرنے کیلئے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے ہیں جس کا مقصد راولپنڈی چیمبر سے بزنس کمیونیٹی کو پی ٹی سی ایل کی طرف سے جدید ترین ڈیجیٹل خدمات فراہم کرنا ہے۔

ان میں وائس، ڈیٹا، تیز ترین انٹرنیٹ، بین الاقوامی کنکٹویٹی، کلائوڈ کمپیوٹنگ، سرویلینس، ڈیٹا سینٹر، انفارمیشن سیکورٹی اور وائی فائی سلوشن جیسی مکمل طور پر منظم آئی ٹی اورٹیلی کام سروسز شامل ہیں۔ضرار خان، چیف بزنس سروسز آفیسر ( سی بی ایس او) ، پی ٹی سی ایل اور صبور ملک، پریزیڈنٹ، آر سی سی آئی ،نے معاہدے پر دستخط کئے۔

(جاری ہے)

سہیل الطاف، گروپ لیڈر آر سی سی آئی، سلیمان اعوان، جی ایم ڈیجیٹل سروسز، پی ٹی سی ایل، راجا عمر اقبال، چیئرمین آئی سی ٹی قائمہ کمیٹی، آر سی سی آئی، نوشیروان خلیل، ایس وی پی، آر سی سی آئی اور حمزہ سروش، وی پی آرسی سی آئی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صبور ملک، پریزیڈنٹ، آر سی سی آئی، نے کہا ’’ آر سی سی آئی ہمیشہ سے بزنس کمیونیٹی کو جدید خدمات کی فراہمی کا وژن رکھتی ہے اور کمیونٹی کی فلاح وبہبود اور ترقی کیلئے پہلے ہی متعدد منصوبوں کا آغاز کرچکی ہے۔ پی ٹی سی ایل کے ساتھ شراکت داری بڑے اور درمیانے درجے کے کاروبار کی ترقی بمعہ آئی ٹی اور ٹیک سٹارٹ اپس کیلئے معاون ثابت ہوگی۔

مجھے پی ٹی سی ایل پر بطور قابل بھروسہ شراکت دار کے مکمل اعتماد ہے کہ وہ لوکل بزنس کمیونیٹی کو کاروبار کی ترقی میں معاونت فراہم کرے گا ۔ ‘‘ضرارخان، چیف بزنس سروسزآفیسر، پی ٹی سی ایل، نے کہا ’’بالخصوص ڈیجیٹل سروسز کے شعبے میں آر سی سی آئی کے ساتھ شراکت داری پر خوشی ہے۔ آرسی سی آئی نے بزنس کمیونیٹی کی خدمت کیلئے پی ٹی سی ایل کو سٹریٹجک پارٹنر کے طور منتخب کیا ہے جو ملک کی اقتصادی ترقی میں اپنا اہم کردار اداکرتی ہے۔

آرسی سی آئی کی طرف سے اٹھائے گئے متعدد اقدامات قابل تعریف ہیں کیونکہ یہ اقدامات کاروبار با لخصوص ای کامرس میں جدت لانے میں مددگار ثابت ہونگے۔پی ٹی سی ایل اپنی متنوع پراڈکٹس اور ڈیجیٹل خدمات کے ذریعے پاکستان میں لوگوں کے طرز زندگی کو بہتر اور انہیں بااختیار بنانے کیلئے پرعزم ہے۔‘‘اس طرح کے اقدامات سے آرسی سی آئی اور پی ٹی سی ایل آئی ٹی پر مبنی انفراسٹرکچر کی ترقی کے ذریعے ڈیجیٹل ٹرانسفار میشن میں قائدانہ کردار ادا کریں گے۔

یہ شراکت داری جدید آئی سی ٹی سروسز سے مزّین کم قیمت آفس آٹومیشن اور کنکٹویٹی سلوشنز فراہم کرے گی۔ یہ شراکت داری کاروباری حضرات کو اپنے آئیڈیاز پر توجہ مرکوز رکھنے اورجدید آئی سی ٹی سلوشنز کی مدد سے ان آئیڈیاز پر بلا کسی رکاوٹ کے عمل درآمد کرنے کے قابل بنائے گی۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں