پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے پرکشش ملک ہے،

ملکی تاریخ میں پہلی بار آن لائن پلیٹ فارم پر ایکسپوہو رہی ہے۔ کورونا وبا اور لاک ڈائون کے باعث پاکستان سمیت دنیا بھر میں کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو ئیں تاہم راولپنڈی چیمبر نے مشکل حالات کو مواقع میں بدلا اور آئی ٹی کے فعال استعمال سے کئی ایونٹس، تربیتی سیمینارز، بزنس کانفرنس اور ٹریڈ فورم آن لائن پلیٹ فارم پر منعقد کئے آذربائیجان کے سفیر علی علیزادے اورراولپنڈی چیمبر آف کامرس کے رہنمائوں کا ورچوئل انٹر نیشنل راول ایکسپو سے خطاب

جمعرات 6 اگست 2020 18:25

پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے پرکشش ملک ہے،
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2020ء) راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر صبور ملک نے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ میں آج کی پہلی ایکسپو ہے جو آن لائن پلیٹ فارم پر ہو رہی ہے۔ کرونا وبا اور لاک ڈائون کے باعث جہاں دنیا کی اکانومی متاثر ہوئی پاکستان میں بھی کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو ئی ہیں۔ تاہم چیمبر نے مشکل حالات کو مواقع میں بدلا اور آئی ٹی کے فعال استعمال سے کئی ایونٹس، تربیتی سیمینارز، بزنس کانفرنس اور ٹریڈ فورم آن لائن پلیٹ فارم پر منعقد کئے۔

مزید پروگرا م بھی ترتیب دیئے جا رہے ہیں۔ وہ راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام ورچوئل انٹر نیشنل راول ایکسپو سے خطاب کررہے تھے۔ گروپ لیڈر سہیل الطاف نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ پاکستان میں کورونا وبا کنٹرول میں آرہی ہے۔

(جاری ہے)

کیسز کی تعدادروزانہ کم ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راول ایکسپو کی تقریب رونمائی صدر مملکت عارف علوی نے کی یہ تاجر برادری کے لیے اعزاز اور اعتماد سازی کے ساتھ ساتھ حکومت کی سنجیدگی کو بھی ظاہر کرتی ہے۔

ای کامرس اور ورچوئل پلیٹ فارمز آج کے دور کی حقیقت ہیں۔ چیئر مین راول ایکسپو ناصر مرزا نے کہا کہ ورچوئل پلیٹ فارم کی خاص بات یہ ہے کہ نمائش میں شرکت کے لیے وقت کی قید نہیں ہے۔ چوبیس گھنٹے میں کسی بھی وقت کوئی بھی سٹال ہولڈر یا وزیٹرآن لائن پلیٹ فارم پر نمائش میں شرکت کر سکے گا۔ نمائش میںDEPO کی جانب سے دفاعی ساز و سامان کے ڈسپلے کے علاوہ، رئیل اسٹیٹ، الیکٹرانکس، جیولری، فارما، گارمنٹس، انجینئرنگ، مشینری، فوڈ سمیت مختلف سیکٹرز سے وابستہ کمپنیاں اپنی مصنوعات کا ڈسپلے کر سکیں گی۔

ورچوئل انٹر نیشنل راول ایکسپو سات اگست سے سولہ اگست تک جاری رہے گی۔اس موقع پر آذربائیجان کے سفیر علی علیزادے نے کہا کہ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے پرکشش ملک ہے۔ راولپنڈی چیمبر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی چیمبر نے پاکستان میں ورچوئل ایکسپو کاانعقاد کیا ہے۔ انہوں نے ڈپلومیٹک کمیونٹی کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ ورچوئل ایکسپو میں ڈیفنس ایکسپو پروموشن بورڈ کے چیئرمین ، مختلف ملکوں کے سفرا، کمرشل قونصلروں ، پاکستان کے چیمبر آ ف کامرس کے سابق صدور، سینئر نائب صدر نوشیروان خلیل خان، نائب صدر حمزہ سروش اور چیمبر ممبران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں