راولپنڈی بورڈ ، میٹرک کے امتحانات میں طلباء بازی لے گئے

سرکاری تعلیمی اداروں کے شاندار نتائج خوش آئند ہیں ،نگران صوبائی وزیرسردار تنویر اقبال کا تقریب سے خطاب

ہفتہ 21 جولائی 2018 16:31

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2018ء) بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی نے میٹرک کے نتائج کا اعلان کر دیا، اس بار طلباء نے مجموعی طور پر پہلی دو پوزیشنز حاصل کر لیں۔ رواں سال مجموعی طور پر امتحان میں شامل ہونے والے 122726 امیدواروں میں سے 95189 کامیاب قرار پائے جن کی کامیابی کا تناسب 77.57 رہا۔ بورڈ کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق کیڈٹ کالج حسن ابدال (اٹک) کے طلال بن طارق رول نمبر 104906 نے 1087 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔

بحریہ فائونڈیشن سیکنڈری سکول فار بوائز پنڈی روڈ چکوال کے عبدالحسیب ارشد رول نمبر 113246 نے 1081 نمبر لے کر دوسری پوزیشن حاصل کی۔ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر1چکوال کی عدینہ عائشہ رول نمبر 110598 نے 1079 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز راولپنڈی آرٹ کونسل میں منعقدہ تقریب تقسیم انعامات میں نگراں صوبائی وزیر برائے زراعت وخوراک سردار تنویر اقبال نے نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبا و طالبات میں میڈلز اور اسناد تقسیم کیں۔

اس موقع پر کمشنر راولپنڈی/ چیئرمین اعلٰیٰ و ثانوی تعلیمی بورڈ راولپنڈی (کیپٹن ریٹائرڈ) سیف انجم، سیکرٹری اعلٰیٰ و ثانوی تعلیمی بورڈ راولپنڈی ڈاکٹر محمد تنویر ظفر، سابق چیئرمین راولپنڈی و فیصل آباد بورڈ پروفیسر غلام محمد جھگڑ اور کنٹرولر امتحانات اعلٰی و ثانوی تعلیمی بورڈ راولپنڈی عابد حسین کھرل بھی موجود تھے۔ اپنے خطاب میں صوبائی وزیر سردار تنویر اقبال نے نمایاں پوزیشنز لینے والے طلباء و طالبات کو مبارکباد دی اور کہا کہ آپ نے محنت، ذہانت و قابلیت کے بل بوتے پر اپنے والدین اور اساتذہ کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے،انھوں نے کہا کہ وہ والدین اور اساتذہ بھی لائق صد تحسین ہیں جن کی دعائوں اور محنت کا ثمر آج یہ طلباء و طالبات وصول کر رہے ہیں۔

انہوں نے پوزیشنز حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ محنت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اپنے تعلیمی کیریئر میں اسی طرح کامیابیاں حاصل کرتے رہیں۔ انہوں نے کم گریڈ یا ناکام ہونے والے طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ محنت جاری رکھیں کیونکہ دنیا نام ہی جدوجہد کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ سرکاری سکولوں نے بہت اچھی کارکردگی دکھائی جو کہ خوش آئند ہے۔

انہوں نے چیئرمین اعلٰیٰ و ثانوی تعلیمی بورڈ، سیکرٹری بورڈ اور دیگر عہدیدران کی کاوشوں کو سراہا۔ دریں اثناء سیکرٹری اعلٰی و ثانوی تعلیمی بورڈ راولپنڈی ڈاکٹر محمد تنویر ظفرنے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال مجموعی طور پر شامل امتحان 122726 امیدواروں میں سے 95189 کامیاب قرار پائے جن کی کامیابی کا تناسب 77.57 رہا، 11379 طلباء و طالبات نے اے پلس گریڈ حاصل کیا ۔

مجموعی طور پر کیڈٹ کالج حسن ابدال (اٹک) کے طلال بن طارق نے 1087 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ بحریہ فائونڈیشن سیکنڈری سکول فار بوائز پنڈی روڈ چکوال کے عبدالحسیب ارشد نے 1081 نمبر لے کر دوسری اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر1چکوال کی عدینہ عائشہ نے 1079 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ جنرل سائنس گروپ (طلبائ) میں گورنمنٹ ایم سی اسلامیہ ہائر سکینڈری سکول جہلم کے شہریار علی خان نے 986 نمبر لے کر پہلی، رحمانیہ رضویہ سوہاوہ ضلع جہلم کے قاسم حسین نے 938 نمبر لے کر دوسری اور اصغر مال سکیم راولپنڈی کے یونس خان نے 932 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

جنرل سائنس گروپ (طالبات) میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر1جہلم کی رامیسہ شہزادی نے 1011 نمبر لے کر پہلی، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول چورہ شریف تحصیل جنڈ ضلع اٹک کی صفرینہ بی بی نے 1009 نمبر لے کر دوسری اور گورنمنٹ ایم سی گرلز ہائی سکول گوجر خان راولپنڈی کی زنیرہ کلثوم نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ سائنس گروپ طلباء میں کیڈٹ کالج حسن ابدال کے طلال بن طارق نے 1087 نمبر لے کر پہلی، بحریہ فائونڈیشن سیکنڈری سکول فار بوائز پنڈی چکوال کے عبدالحسیب ارشد نے 1081 نمبر لے کر تیسری اور لارنس کالج گھوڑا گلی تحصیل مری ضلع راولپنڈی کے احمد سہیل نے 1078 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

سائنس گروپ (طالبات) میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر ایک چکوال کی عدینہ عائشہ نے 1079 نمبر لے کر پہلی، فوجی فائونڈیشن ماڈل سیکنڈری سکول گرلز سنگھوڑی مندرہ تحصیل گوجر خان ضلع راولپنڈی کی عروبہ جاوید نے 1078 نمبر لے کر دوسری اور منیر پبلک گرلز ہائی سکول چکوال کی سیدہ صالیہ حیدر نے 1076 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ امتحان میں 66652 لڑکوں نے حصہ لیا جن میں 48393 پاس ہوئے، ان کا تناسب 72.62 فیصد رہا۔ اسی طرح امتحان میں 56074 لڑکیوں نے شرکت کی جن میں سے 46796 پاس ہوئیں اور ان کی کامیابی کا تناسب 83.46 رہا۔ 93577 ریگولر سٹوڈنٹس میں سے 79036 پاس ہوئے اور ان کا تناسب 84.47 رہا جبکہ پرائیویٹ امتحان دینے والے 29149 سٹوڈنٹس میں سے 16153 کامیاب ہوئے اور ان کی کامیابی کا تناسب 53.43 رہا۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں