خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم کی وزارت کے تحت غیر رسمی سکولوں کو سو فیصد فعال بنایا جا رہا ہے‘راجہ راشد حفیظ

تعلیم بالغاں ، لوگوں کو زندگی گزارنے کے ہنر سکھانے اور جیلوں میں قید لوگوں کو معاشرے کا اچھا اور مفید شہری بنانے پر پوری محنت و تندہی سے کام ہو رہا ہے

جمعہ 19 اپریل 2019 14:36

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2019ء) پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ انسانی ترقی میں تعلیم ایک بنیادی عنصر ہے جس پر ہماری حکومت پوری توجہ دے رہی ہے ․ خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم کی وزارت کے تحت غیر رسمی سکولوں کو سو فیصد فعال بنایا جا رہا ہے جبکہ تعلیم بالغاں ، لوگوں کو زندگی گزارنے کے ہنر سکھانے اور جیلوں میں قید لوگوں کو معاشرے کا اچھا اور مفید شہری بنانے پر پوری محنت و تندہی سے کام ہو رہا ہے ․ انہوں نے یہ بات جاپان انٹرنیشنل کو آپریٹو ایجنسی ( جیکا)سائوتھ ایشیا ریجن کے ایک وفد سے خصوصی ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی ․ جیکا کے وفد نے انسانی ترقی بالخصوص تعلیم کے فروغ کیلئے حکومت پنجاب کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے بتایا کہ یہ جاپانی تنظیم پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں کام کر رہی ہے اور پاکستان میں انسانی ترقی کیلئے مختلف شعبوں میں معاونت دی جاتی ہے ․ راجہ راشد حفیظ نے جیکا کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جدید سائنسی ترقی کے اس دور میں دنیا ایک گلوبل ویلیج بن چکی ہے اور ایک علاقے کے لوگ دوسرے علاقے کے لوگوں سے لا تعلق نہیں رہ سکتے ․ دنیا میں امن اور انسانی ترقی کیلئے پاکستان بھی اپنا کردارفعال طریقے سے ادا کر رہا ہے ․ انہوں نے کہا کہ جدید دنیا میں عام تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنر مندی کو بھی بہت زیادہ اہمیت حاصل ہو گئی ہے ․ہماری حکومت دیگر بے شمار اقدامات کے ساتھ ساتھ فنی تعلیم کے فروغ پر بھی توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہے تاکہ نوجوانوں کو مختلف شعبوں میںہنر مند بنا کر انسانی ترقی کی جانب بڑھا جائے ․ وفد کے اراکین نے صوبائی وزیر کے ساتھ باہمی دلچسپی کے مختلف موضوعات پر بھی بات چیت کی اور بتایا کہ جیکا سائوتھ ایشیا ء میں پولیو کے خاتمے کے مہم میں بھی اپنا کردار ادا کر رہی ہے ․ اس موقع پر انٹرنیشنل کمیونٹی سپورٹ فائونڈیشن کے چئیرمین سلطان فیض نے بھی بریفنگ دی اور بتایا کہ آئی سی ایس ایف کے زیر انتظام اٹلی کے تعاون سے نوجوانوں بالخصوص خواتین کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے انہیں ہنر مند بنانے کے علاوہ ان کی معاونت بھی کی جا رہی ہے -

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں