پی آئی اے کے طیارے کے ذریعہ منشیات اسمگل کرنے والا گروہ گرفتار

ڈیڑھ ماہ کی تحقیقات کے دوران 14 ملزمان گرفتار کئے گئے ،ْ ملوث افراد نے پی آئی اے کی ساکھ کو نقصان پہنچایا

جمعہ 23 جون 2017 21:49

پی آئی اے کے طیارے کے ذریعہ منشیات اسمگل کرنے والا گروہ گرفتار
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2017ء) پی آئی اے کے طیارے کے ذریعہ منشیات اسمگل کرنے والا گروہ گرفتار کر لیا گیاہے۔ ڈی جی اے این ایف میجر جنرل مسرت نواز کے مطابق راولپنڈی، لاہور اور کراچی سے 14 ملزمان گرفتار کئے گئے ہیں۔راولپنڈی میں میڈیا بریفنگ کے دوران ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکاٹکس فورس میجر جنرل مسرت نواز نے بتایا کہ ہیتھرو ایئر پورٹ پر 15 مئی کو پی آئی اے کے طیارے سے منشیات برآمدگی کیس کی شفاف تحقیقات کرتے ہوئے منشیات اسمگل کرنے والا گروہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ ماہ کی تحقیقات کے دوران 14 ملزمان گرفتار کر لئے گئے ہیں۔میجر جنرل مسرت نواز کے مطابق ملزمان کا تعلق لاہور، راولپنڈی اور کراچی سے ہے جبکہ گرفتار افراد کا ریمانڈ بھی دیا جاچکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ واقعہ میں ملوث افراد نے پی آئی اے کی ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے۔ وزیر اعظم، وزیر داخلہ اور آرمی چیف نے ہیتھرو واقعہ کے بعد فون کالز کیں اور کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے کی ہدایات کی تھیں۔میجر جنرل مسرت نواز نے بتایا کہ معاملے کی تفتیش کے لئے دو کمیشن بنائے گئے تھے۔ ڈی جی اے این ایف نے کہا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران اے این ایف نے 750 پروازوں کو چیک کیا ہے تاہم 31 مئی کو بھی ہیروئن پکڑی گئی جسے رپورٹ نہیں کیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں