پی پی پی راولپنڈی ڈویژن کا اجلاس، 5 ․ دسمبر کو یوم تاسیس کے حوالے سے اسلام آباد کے جلسے کے انتظامات کا جائزہ

سید نئیر حسین بخاری، قمر زمان کائرہ ، چوہدری منظور حسین ، مصطفے نواز کھوکھر، و دیگرکا خطاب

ہفتہ 18 نومبر 2017 22:05

پی پی پی راولپنڈی ڈویژن کا اجلاس، 5 ․ دسمبر کو یوم تاسیس کے حوالے سے اسلام آباد کے جلسے کے انتظامات کا جائزہ
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 نومبر2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے پارٹی کی گولڈن جوبلی کے موقع پر 5 دسمبر کو پریڈ گرائونڈ اسلام آباد کو نہ صرف بھر دیں گے بلکہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہٴ عام منعقد کر کے عوام دشمن قوتوں کی نیندیں حرام کر دیں گے۔ ہفتہ کو اِن خیالات کااظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے 50ویں یومِ تاسیس کی تیاریوں کے حوالے سے راولپنڈی ڈویژن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اِس موقع پر صدر پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب قمر زمان کائرہ نے راولپنڈی ڈویژن کے تمام اضلاع کے عہدیداروں اور ٹکٹ ہولڈروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی اپنی ایک پہچان اور اپنا ایک الگ رنگ ہے۔

(جاری ہے)

5 دسمبر کو جیالے شہید بھٹو اور شہید بی بی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے ایک نئی تاریخ رقم کریں گے۔ اجلاس میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات چوہدری منظور حسین، سیکرٹری اطلاعات پنجاب مصطفی نواز کھوکھر ، سابق صوبائی وزیر ، سابق سینیٹر اور پارٹی کے مرکزی اور بانی راہنما ملک حاکمین خان، ڈویژنل صدر سردار سلیم حیدر خان، ممبر فیڈرل کونسل سید ابرار علی رضوی، زمرد خان، حاجی گلزار اعوان، نائب صدر راولپنڈی ڈویژن سید قمر عباس شاہ، ڈویژنل صدر کے کوارڈی نیٹر راجہ عمار شوکت ترک، ڈویژنل سیکرٹری اطلاعات ملک نجیب الرحمن ارشد، ڈویژنل ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات مظہر حسین بابر، سابق مشیر وزیر اعظم پاکستان اور پارٹی کے بانی راہنما رشید میر، جنرل سیکرٹری شعبہٴ خواتین پنجاب نرگس فیض ملک، عذرا یونس، شعبہٴ خواتین اسلام آباد کی صدر شمیم اعجاز، سمیر ا گل، شگفتہ بٹ، صدر راولپنڈی ڈویژن سوشل میڈیاعظمیٰ ناصر اوشو، ڈویژنل جنرل سیکرٹری سوشل میڈیا طارق محمود قادری، صدر سوشل میڈیا اسلام آباد سٹی ناصر جیلانی، ضلع اسلام آباد کے صدر راجہ جمیل عباسی ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری راجہ امجد محمود، ضلع راولپنڈی کے صدر چوہدری ظہیر محمود، نائب صدر راجہ منصور اختر، سیکرٹری اطلاعات شاہد حسین، ضلع اٹک سردار اشعر حیات خان، جنرل سیکرٹری خالد خان مٹھیال، ضلع چکوال کے صدر سردار اظہر علی خان، جنرل سیکرٹری ملک ہاشم خان، راولپنڈی سٹی کے صدر بابر سلطان جدون، جنرل سیکرٹری افتخار چوہدری، سیکرٹری اطلاعات ناصر میر، اسلام آباد سٹی کے صدر افتخار شہزادہ، جنرل سیکرٹری اظہر علی خان، سیکرٹری اطلاعات محمد علی سبزواری، سٹی نائب صدر فرحت قریشی، پی وائی او ،راولپنڈی ڈویژن کے راہنما راجہ عنصر کیانی، راولپنڈی کینٹ کے صدر ملک ظہیر ارشد ایڈووکیٹ، نائب صدر راجہ ظہیر اقبال، سیکرٹری اطلاعات عمران بٹ، اقلیتی ونگ سے سہیل رومی اور جبران گِل سمیت ڈویژن بھر سے عہدیداران اور ٹکٹ ہولڈرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی، اِس موقع پر ڈویژنل صدر سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ انشاء اللہ جس طرح فتح جنگ میں چیئرمین بلاول بھٹو صاحب کا ایک تاریخی جلسہ عام ہوا تھا اُسی تاریخ کو دوہراتے ہوئے 5 دسمبر کو پریڈ گرائونڈ اسلام آباد کے جلسے میں راولپنڈی ڈویژن کے تمام اضلاع میری اور ملک حاکمین خان کی قیادت میں ایسا شاندار جلوس لے کر آئیں گے کہ جو تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وفاقِ پاکستان کی علامت ہے اور بلاول بھٹو استحکامِ پاکستان کی علامت ہے۔ اِس موقع پر ملک حاکمین خان نے کہا کہ میں نے ساری زندگی پاکستان پیپلز پارٹی کی خدمت کی اور پارٹی کے ساتھ میری وفا اور جدوجہد آنے والی نسلوں کیلئے وفا کا مینار ثابت ہو گی۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم بی بی شہید کے بیٹے کو پاکستان کا وزیر اعظم بنا کر دکھائیں گے۔

اِس موقع پر چوہدری منظور حسین مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ آنے والا کل پاکستان پیپلز پارٹی اور بلاول بھٹو کا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ملک اِس وقت جس بحران میں مبتلا ہے اگر اِس وقت پاکستان میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین میں سے اگر کوئی شخصیت ملک کو اِس بحران سے نکال سکتی ہے تو وہ صرف اور صرف نوجوان لیڈر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ آنے والے جنرل الیکشن میں اللہ تعالیٰ کے حکم ، پنجتن پاک کے صدقے اور پاکستان کی غریب عوام کی بھرپور حمایت سے پاکستان پیپلز پارٹی چاروں صوبوں سمیت مرکز میں ایک مستحکم اور مضبوط حکومت بنائے گی اور بے نظیر بھٹو شہید کے ادھورے مشن کو بلاول بھٹو پایہٴ تکمیل تک پہنچائیں گے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں