گھر گھر ووٹرز تصدیقی مہم 15دسمبرسے شروع ہو گی

ضلع راولپنڈی میں رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 29,47,715ہے ووٹرز ویری فکیشن مہم کے فرائض 49اسسٹنٹ رجسٹریشن آفیسر اور 2221تصدیقی آفیسر (ویری فکیشن آفیسرز )سر انجام دیں گے

اتوار 10 دسمبر 2017 16:50

راولپنڈی 10دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2017ء)ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن را ولپنڈی کے زیر اہتمام گھر گھر ووٹرز تصدیقی مہم 15دسمبرسے شروع ہو گی ،مہم کے دوران نیشنل ڈیٹا بیس سے حاصل شدہ قومی شناختی کارڈز فہرست کے مطابق ووٹرز فہرست کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔اے پی پی کو دستیاب معلومات کے مطابق آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن راولپنڈی 15دسمبرسے ڈور ٹو ڈور ووٹرز ویریفکیشن مہم شروع کرے گا ،یہ تصدیقی مہم 7جنوری 2018تک جاری رہے گی ۔

ووٹرز ویریفکیشن مہم کے پہلے مرحلے کے اختتام پر ضلع بھر میں قائم کیے جانے والے 199ڈسپلے سنٹرز پر ووٹرز کی ابتدائی فہرستیں 08جنوری2018سے 06فروری 2018تک آویزاں کی جائیں گی ۔ ابتدائی ووٹرز فہرست پر اعتراضات 08جنوری2018سے 16فروری تک وصول کیے جائیں گے جبکہ حتمی فہرست 10اپریل کو ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن میں آویزاں کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ ووٹر ز ویریفکیشن مہم نادرا کے جاری کردہ نئے قومی شناختی کارڈ کی بنیاد پر کی جائے گی ،غلط انٹری کی صورت میں ووٹر کے قومی شناختی کارڈ پر درج مستقل پتہ کے حوالے سے تصحیح کی جائے گی ۔

ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر راولپنڈی زاہد سبحانی نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ ضلع راولپنڈی میں رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 29,47,715ہے جن میں مرد ووٹروں کی تعداد 15,73,117جبکہ خواتین ووٹروں کی تعداد۔13,74,598 ہے ۔ایک سوال کے جواب میں زاہد سبحانی نے اے پی پی کو بتایاکہ ووٹرز ٹرن اوور میں اضافے کے لیے الیکشن کمیشن نے ووٹرز آگاہی مہم کے ذریعے ووٹ کی اہمیت کا شعور اجاگر کرنے کے بھی اقدامات کیے ہیں ۔

الیکشن کمیشن ذرائع نے اے پی پی کو مزید بتایاکہ نادرا سے حاصل شدہ ڈیٹا کی روشنی میں فوت شدہ ووٹرز کا نام فہرست سے خارج کیا جائے گا ۔ووٹرز ویری فکیشن مہم کے فرائض 49اسسٹنٹ رجسٹریشن آفیسر اور 2221تصدیقی آفیسر (ویری فکیشن آفیسرز )سر انجام دیں گے ۔واضح رہے کہ 2013کے عام انتخابات میں راولپنڈی کے ووٹروں کی مجموعی تعداد 26لاکھ تھی اور معمول کی ووٹر اندراج مہم کے بعد اب راولپنڈی میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 29لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں