سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کیلئے پاناما لیکس طرز کی غیر جانبدار جے آئی ٹی بنائی جائے، پاکستان عوامی تحریک

پیر 11 دسمبر 2017 16:17

سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کیلئے پاناما لیکس طرز کی غیر جانبدار جے آئی ٹی بنائی جائے، پاکستان عوامی تحریک
ْراولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 دسمبر2017ء) میڈیا کوآرڈینیٹر پاکستان عوامی تحریک غلام علی خان نے راولپنڈی پریس کلب میں میڈیاکے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کیلئے پاناما طرز کی غیر جانبدار جے آئی ٹی بنائی جائے۔شہباز شریف اور رانا ثناء فوری مستعفی ہو جائیں۔جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ کی روشنی میں دیگر ملزمان بھی عہدے چھوڑ کر خود کو قانون کے حوالے کر دیں، بصورت دیگر عوامی تحریک قانونی، سیاسی اور فیصلہ کن عوامی جدوجہد کیلئے تیار ہے۔

ماڈل ٹاؤن میں بیریئر نہیں ڈاکٹر طاہر القادری کو راستے سے ہٹانے کیلئے آپریشن کیا گیا اور یہ سب حقائق جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ میں درج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس رپورٹ نے قاتلوں کے بدن سے کپڑے اتار کر ان کو ننگا کر دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سانحہ میں 125 پولیس افسران اور بیوروکریٹس ملوث تھے سب کو ان کی پوزیشن سے ہٹایا جائے۔ جب تک مقدمے کا فیصلہ نہ ہو جائے انہیں عہدوں سے الگ رکھا جائے۔

انہوں نے جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ پبلک کیے جانے کے حوالے سے لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بنچ اور بعدازاں فل بنچ کے فیصلے کی ستائش کی ماڈل ٹاؤن میں ظلم ہوا، ظلم کرنے والا ہی ظالم نہیں ہوتا بلکہ ظلم دیکھ کر خاموش رہنے والا بڑا ظالم ہے اور میں ظالموں کا ساتھی کہلوانا پسند نہیں کروں گا۔کلمہ گو نہتی مسلمان خواتین کو گولیاں مار کر شہید کیا گیا عوامی تحریک کے کارکنوں کو نہیں پاکستان کے مسلمانوں کو شہید کیا گیا،سانحہ ماڈل ٹاؤن منطقی انجام تک پہنچنا چاہیے۔

ملزم خود کو قانون کے حوالے کر کے اپنی بے گناہی عدالت میں ثابت کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام جاگ چکے،ظالم کمزور ہو گئے،اسی لیے انہیں فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جانے کی ہمت نہیں ہوئی۔جسٹس باقر نجفی نے اپنی رپورٹ میں واضح طور پر لکھ دیا کہ 16 جون 2014 ء کی میٹنگ میں رانا ثناء اللہ، ہوم سیکرٹری اور وزیراعلیٰ پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری بھی موجود تھے اس کا مطلب ہے اس سارے آپریشن میں وزیراعلیٰ آن بورڈ تھے۔ کیمروں کے سامنے بربریت ہوئی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری انصاف کے لیے جو لائحہ عمل بھی دیں گے ہم ان کے ساتھ کھڑے ہونگے۔ اگر آج ظلم کے سامنے بند نہ باندھا گیا تو پھر کبھی کسی مظلوم کو طاقتور کے مقابلے میں انصاف نہیں ملے گا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں