راولپنڈی و چکلالہ کینٹ کے بعض بازاروں میں تجاوزات کی بھرمار

بازاروں میں تجاوزات کا جائزہ لینے کیلئے خودمختار کمیٹی تشکیل دی جائے ،شہریوں کا مطالبہ

اتوار 17 دسمبر 2017 16:00

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2017ء) راولپنڈی و چکلالہ کینٹ کے بعض بازاروں میں تجاوزات کی بھرمار نے راجہ بازار کی تجاوزات کو بھی مات دیدی ،تجاوزات کی وجہ سے ٹریفک جام معمول بن گیا، دکان داروں کی طرف سے فٹ پاتھ تک پر قبضوں کے ساتھ ساتھ ریڑھی بانوں اور چھابہ فروشوں نے سڑکوں کے کئی کئی فٹ حصوں پر قبضہ کر رکھا ہے ، شعبہ انسداد تجاوزات کا عملہ افسران کو سب اچھا کی رپورٹ دینے لگا اور روزانہ چند ریڑھیاں اور پھٹے وغیرہ اٹھانے کو ہی اپنی کارکردگی قرار دینے لگا ۔

راولپنڈی کینٹ کے سیاسی و سماجی رہنما ایم امجد سعید نے الزام عائد کیا کہ تجاوزات بڑھانے میں کینٹ بورڈ کا عملہ برابر کا شریک ہے۔ ٹنچ بھاٹہ، پیپلز کالونی، بابو محلہ، گوالمنڈی، شاہ بی بی روڈ، ڈھوک سیداں روڈ، ڈھوک چراغدین، مریڑ حسن، جھنڈا چیچی، ہسپتال روڈ، ریلوے روڈ سمیت کینٹ کے دیگر بازاروں کی سڑکیں بھی تجاوزات کی وجہ سے سکڑ کر ٹریفک کیلئے انتہائی کم پڑ چکی ہیں۔

(جاری ہے)

صدر کی مین ایک دو سڑکیں ضرور تجاوزات سے پاک ہیں مگر صدر کے دیگر بازار تجاوزات سے بھرے پڑے ہیں۔ ایم امجد سعید نے کہا کہ ہسپتال روڈ پر دکانداروں نے پختہ تجاوزات کر رکھی ہیں۔ جہانگیر روڈ پر دکان داروں نے دکانوں کے ساتھ خالی جگہوں پر بھی پختہ تعمیرات کر لی ہیں۔ ریلوے روڈ اور اس سے ملحقہ روڈز پر بھی تجاوزات کی بھرمار ہو چکی ہے۔ ٹنچ بھاٹہ آخری سٹاپ اور اس سے ملحقہ گلیوں اور سڑکیں بھی تجاوزات کی زد میں آئی ہوئی ہیں۔

گوالمنڈی کی شاید ہی کوئی ایسی گلی بچی ہو گی جہاں پر گاڑیوں کی غیرقانونی ورکشاپس نہ موجود ہوں۔ شہریوں نے کینٹ بورڈ حکام سے مطالبہ کیا کہ بازاروں میں تجاوزات کا جائزہ لینے کیلئے ایک خودمختار کمیٹی تشکیل دیدی جائے تاکہ حقائق کے بارے میں انہیں پتہ چل سکے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں