شہریوں نے ناقص منصوبہ بندی کو ٹریفک روانی میں دوسری بڑی رکاوٹ قرار دے دیا

ٹریفک وارڈنز نے متعدد چوکوں اور ذیلی سڑکوں پر بیئریئر لگا کر ٹریفک ڈائیورٹ کرنا معمول بنا رکھا ہے‘ شہری

پیر 22 جنوری 2018 20:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2018ء) ٹریفک روانی کی ناقص منصوبہ بندی سے شہر بھر میں ٹریفک جام کے مناظر نظر آنے لگے ،وارڈنز افسران سخت محنت کے باوجود ٹریفک روانی برقرار رکھنے میں ناکام ہو گئے ۔شہریوں نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایاکہ ٹریفک روانی میں تجاوزات کے بعد ناقص منصوبہ بندی دوسری بڑی وجہ بن گئی ہے ،ٹریفک وارڈنز نے متعدد چوکوں اور ذیلی سڑکوں پر بیئریئر لگا کر ٹریفک ڈائیورٹ کرنا معمول بنا رکھا ہے جس سے بند کی گئی سڑک پربے ترتیب رش میں اضافے کے ساتھ ساتھ دیگر چوکوں اور ملحقہ سڑکوں پر ازخود رش میں بے انتہا ء اضافہ ہوجاتا ہے اور ٹریفک روانی بری طرح متاثر ہو کر رہ جاتی ہے ۔

شہریوں نے بتایاکہ سٹی ٹریفک پولیس نے مال روڈ پر ٹی اینڈ ٹی چوک کی سلپ روڈ پر بیئریئر لگا رکھا ہے جس سے ٹیلیفون ایکسچینج کے سامنے سڑک پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ جاتی ہیں جسے کنٹرول کرنا بھی مشکل ہو جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

اسی طرح ٹی اینڈ ٹی چوک پر جی پی او کی جانب سے آنے والی سڑک کو بھی بیریئر لگا کر بند کر دیا گیاہے اور یہاں سے مال روڈ پر داخل ہونے والی گاڑیوں کو ٹی ایم چوک کی طرف بھیج دیا جاتا ہے جس سے ٹی ایم چوک پر بھی رش بڑھ جاتاہے ۔

حیران کن بات یہ ہے کہ ٹی اینڈ چوک پر نصب اشارہ ایک سڑک کی بندش کے باوجود اپنے مقررہ وقت کے لیے کھلتا اور بند ہوتا ہے اور یہاں سے موٹر سائیکلوں کی روانی برقرار ہے ۔شہریوں نے اے پی پی کو مزید بتایاکہ اسی طرح بنک روڈ ون وے ہونے کے باوجود شہریوں کے انتباہ کے لیے کسی قسم کا بورڈ نصب نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے شہری غلط فہمی میں ون وے کی خلاف ورزی کرتے ہیں اور ٹریفک جام کا باعث بنتے ہیں۔مری روڈ ،صادق آباد سمیت کینٹ و شہر کے مزید ایسے متعدد پوائنٹس ہیں جنہیں بغیر مناسب منصوبہ بندی کے یا تو ڈائیورٹ کیا گیا ہے یا انہیں آدھا بند اور آدھا کھلا چھوڑا گیا ہے ۔شہریوں نے مطالبہ کیاکہ ٹریفک روانی کے لیے مناسب منصوبہ بندی کی جائے بصورت دیگر صورتحال مزید گھمبیر ہو سکتی ہے ۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں