راولپنڈی ڈویژن کے تین اضلاع میں ریٹرننگ ،اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کی تربیت (آج)سے شروع ہو گی

ضلعی الیکشن کمیشن راولپنڈی نے ابتدائی پولنگ اسکیم ڈی سی و ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کے حوالے کر دی ،ذرائع

اتوار 20 مئی 2018 18:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان کے زیر اہتمام انتخابات 2018کی تیاریوں کے سلسلہ میں راولپنڈی ڈویژن کے تین اضلاع میں ریٹرننگ افسران ،اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز کی تربیت (آج) 21مئی سے شروع ہو گی ۔ذرائع نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ ضلع راولپنڈی میں ریٹرننگ ،اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز کی تربیت پہلے مرحلے میں 19مئی تک اختتام پذیر ہو چکی ہے جبکہ دوسرے مرحلہ میں ضلع اٹک ،چکوال اور جہلم میں ریٹرننگ ،اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز کی تربیت آج سے شروع ہو گی جو کہ 23مئی تک جاری رہے گی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے راولپنڈی ڈویژن میں قومی اسمبلی کے 13 حلقوںکے لیے 13ریٹرننگ افسران اور 26اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران جبکہ صوبائی اسمبلی کے 27حلقوں کے لیے 27ریٹرننگ افسران اور 54اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران مقرر کیے ہیں۔

(جاری ہے)

اے پی پی کو دستیاب معلومات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ نمبر این اے 55سے این اے 67 بشمول اٹک کے دو حلقوں 7راولپنڈی کے حلقوں 2چکوال کے حلقوں اور 2جہلم کے حلقوں کے لیے ریٹرننگ افسران اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے جبکہ اسی طرح پی پی 1سے پی پی 5اٹک ڈسٹرکٹ کے صوبائی اسمبلی کے حلقہ جات کے لیے 5،پی پی 6سے پی پی 20راولپنڈی ڈسٹرکٹ کے 15صوبائی حلقوں کے لیے ،پی پی 21سے پی پی 24چکوال ڈسٹرکٹ کے 4حلقوں کے لیے جبکہ جہلم کے صوبائی اسمبلی کے حلقہ نمبر پی پی 25سے پی پی 27تک کے 3حلقوں کے لیے ریٹرننگ افسران اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے ۔

ضلع راولپنڈی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 57سے این اے 63تک کے لیے 7ریٹرننگ افسران اور 14اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران جبکہ اسی طرح صوبائی اسمبلی کے حلقوں پی پی 6سے پی پی 20کے لیے 15ریٹرننگ افسران اور 30اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران مقرر کیے گئے ہیں ۔اسی طرح ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسرکے فرائض سر انجام دیں گے۔اے پی پی کے مطابق ضلعی الیکشن کمیشن دفتر راولپنڈی نے انتخابات 2018کے سلسلہ میں ابتدائی پولنگ اسکیم ڈی سی و ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کے حوالے کر دی ہے جہاں سے مکمل چھان بین کے بعد حتمی پولنگ اسکیم کا اجراء 29مئی تک کر دیا جائے گا ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں