واٹر ہائیڈرنٹس کی بندش ، راولپنڈی کینٹ میں پانی بحران سنگین ہو گیا

ٹینکر مافیا نے شہریوں کی مجبوری سے فائدہ اٹھاتے ہوئے واٹر ٹینکر کی قیمت میں کئی گنا اضافہ کر دیا

اتوار 24 جون 2018 19:20

راولپنڈی 24مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2018ء) راولپنڈی کینٹ میں واٹر ہائیڈرنٹس کی بندش کے بعد پانی بحران سنگین ہو گیا ، ٹینکر مافیا نے شہریوں کی مجبوری سے فائدہ اٹھاتے ہوئے واٹر ٹینکر کی قیمت میں کئی گنا اضافہ کر دیا ۔اے پی پی کو دستیاب اطلاعات کے مطابق راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے غیر قانونی واٹر ہائیڈرنٹس کے خلاف کارروائی کے دوران 48غیر قانونی واٹر ہائیڈرنٹس سر بمہر کر دیئے تھے ۔

جس کے بعد راولپنڈی کینٹ میں پانی بحران مزید سنگین ہو گیا اور واٹر ٹینکر مافیاکی چاندی ہو گئی ۔شہریوں نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ راولپنڈی کینٹ میں حالیہ موسم گرما کے آغاز سے ہی پانی کی قلت شروع ہو گئی تھی جس کے باعث شہریوں کو ٹینکرز منگوا کر اپنی ضروریات پوری کرنی پڑتی تھیں تاھم راولپنڈی کینٹ بورڈ نے حالیہ عرصہ میں واٹر ہائیڈرنٹس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں بند کرادیا جس کی وجہ سے کینٹ کے رہائشیوں کا متبادل ذرائع سے پانی کے حصول کا بڑا ذریعہ بھی بند ہو گیا اور ٹینکر مافیا نے دیگر علاقوں سے پانی لانے کو جواز بنا کر ٹینکر کی قیمتوں میں ہو شربا اضافہ کر دیا ۔

(جاری ہے)

راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے ترجمان قیصر محمود نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ کینٹ ایریاز میں غیر قانونی واٹر ہائیڈرنٹس کے خلاف کارروائی میں مجموعی طور پر48 غیر قانونی واٹر ہائیڈرنٹس کو سر بمہر کیا گیا تھا ۔یہ کارروائی قاسم آباد ،نصیر آباد ،ڈھوک مستقیم ،سہام ،مکرم ٹائون ،رینج روڈ ،ذیشان کالونی ،مغل آباد ،ٹنچ بھاٹہ ،پیپلز کالونی ،دھمیال روڈ ،چمن آباد اور نیازی ٹائون میں کی گئی ۔

ترجمان نے بتایاکہ غیر قانونی واٹر ہائیڈرنٹس کے خلاف کارروائی سی ای او کینٹ سبطین رضا کی خصوصی ہدایات پر انفورسمنٹ سکواڈ اور واٹر برانچ نے افضل گوندل کی سربراہی میں کی گئی ۔شہریوں نے مطالبہ کیا کہ کینٹ کے رہائشیوں کو پانی جیسی بنیادی ضرورت کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جائیں بصورت دیگر بحران مزید سنگین ہو سکتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں