پنجاب فوڈ سیکیورٹی میںکلیدی کردارادا کررہا ہے ،صوبائی وزیر زراعت

اتوار 15 جولائی 2018 16:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2018ء) نگران وزیر زراعت ،خوراک،پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پنجاب سردار تنویر الیاس نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب ملک میں فوڈ سیکیورٹی اور غربت کے خاتمہ میں کلیدی کردار ادا کر تا ہے، زراعت کو ملکی معیشت میں غیر معمولی اہمیت حاصل ہے ، صوبہ پنجاب میں امسال 5.7 ملین ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کا ہدف مقرر کیا گیا جس سے 10 ملین گانٹھ پیداوارحاصل ہو گی ۔

اے پی پی کو دستیاب معلومات کے مطابق نگران وزیر زراعت نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتایاکہ امسال 56لاکھ 58ہزار 726 ایکڑ رقبہ پر کپاس کاشت ہوئی ہے جو کہ مقرر کردہ ہدف کا 99.28فیصد ہے۔کپاس کے کاشتکاروں کو 14 کروڑ 74 لاکھ روپے کی خطیر رقم سے سپرے مشینری سبسڈی پر فراہم کی گئی ،امسال 54 تحصیلوں میں 50 ایکڑ فی تحصیل پی بی روپس کے نمائشی پلاٹ مفت لگائے گئے ،انہوں نے کہاکہ کسانوں کیلئے فصلوںکی انشورنس سکیم کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے جس کے تحت پہلے مرحلے میں خریف 2018 سے کپاس اور دھان کی فصلوں کا بیمہ کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

اس سکیم کے تحت 5 ایکڑ تک اراضی کے کاشتکاروں کیلئے بیمہ کے پریمیم پر 100 فیصد ادائیگی حکومت پنجاب کرے گی جبکہ 5 سے 25 ایکڑ تک اراضی کے کاشتکاروں کیلئے بیمہ کے پریمیم کی ادائیگی پر 50 فیصد سبسڈی دی جائے گی۔ اسی طرح کپاس کی فصل کو مون سون بارشوں کے نقصانات سے محفوظ رکھنے اور زیادہ پیداوار کے حصول کیلئے 6کروڑ روپے کی لا گت سے رین واٹر مینجمنٹ پائیلٹ پراجیکٹ بھی مکمل کیا جاچکا ہے۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں