الیکشن 2018، ضلع راولپنڈی میں2576پولنگ اسٹیشن، 6200پولنگ بوتھ قائم ہوں گے

اتوار 15 جولائی 2018 16:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2018ء) ریجنل الیکشن کمیشن راولپنڈی کی جانب سے قومی اسمبلی کے 7اور صوبائی اسمبلی کے 15حلقوں کی جاری کردہ حتمی پولنگ اسکیم کے تحت ضلع بھر میں مجموعی طور پر 6200پولنگ بوتھ قائم کیے جائیں گے جن میں سے 3200پولنگ بوتھ مرد حضرات کے لیے جبکہ 3000 پولنگ بوتھ خواتین کے ہوں گے ۔ضلعی الیکشن کمشنر دفتر راولپنڈی سے اے پی پی کو موصولہ اعدادو شمار کے مطابق ضلع راولپنڈی میں مجموعی طور پر 2576پولنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے جہاں پر ضلع راولپنڈی کے 16,47,507 مرد رجسٹرڈ ووٹرز اور 14,78,162 خواتین رجسٹرڈ ووٹرز سمیت 31,25,669 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے ۔

ضلعی الیکشن کمیشن سے قومی خبر ایجنسی کو موصولہ اعداد و شمار کے مطابق ضلع راولپنڈی میں قومی اسمبلی کے 75اور صوبائی اسمبلی کے 166امیدواروں کے مابین مقابلہ ہو گا ۔

(جاری ہے)

قومی وصوبائی اسمبلی سے انتخابی میدان میں اترنے والے بڑے ناموں میں سابق وزیرا عظم شاہد خاقان عباسی ،آزاد امیدوار چوھدری نثار علی خان ،راجہ پرویز اشرف ، مسلم لیگ ن کے راجہ قمر اسلام ، پی ٹی آئی کے غلام سرور خان ، حنیف عباسی ،عوامی مسلم لیگ اور پی ٹی آئی کے مشترکہ امیدوار شیخ رشید احمد شامل ہیں ۔

الیکشن کمیشن سے اے پی پی کو موصولہ اعدادو شمار کے مطابق ضلع راولپنڈی میں مجموعی طور پر قومی اسمبلی کے 143امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جبکہ صوبائی اسمبلی کے 402امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ۔قومی اسمبلی کے 123امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور جبکہ صوبائی اسمبلی کے 351امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور ہوئے ۔قومی خبر ایجنسی کو دستیاب اعداد و شمار کے مطابق قومی اسمبلی کے 15امیدواروں کے کاغذات مسترد جبکہ صوبائی ا سمبلی کے 51امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے ۔

بعدازاں قومی اسمبلی کے 54امیدواروں نے جبکہ صوبائی اسمبلی کے 185امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لیے یوں ضلع راولپنڈی میں قومی ا سمبلی کے سات حلقوں کے لیے مجموعی طور پر 75امیدوار جبکہ صوبائی اسمبلی کے 15حلقوں کے لیے 166امیدوار میدان میں رہ گئے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں