مون سون، راولپنڈی و چکلالہ کینٹ کے سینی ٹیشن سٹاف کی چھٹیاں منسوخ

راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ ،واسا،میونسپل کارپوریشن اور ریسکیو 1122 نے بھی انتظامات کو حتمی شکل دے دی

اتوار 15 جولائی 2018 16:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2018ء) راولپنڈی و چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈز نے مون سون میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے عملے کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی جبکہ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ ،واسا،میونسپل کارپوریشن اور ریسکیو 1122نے بھی ہنگامی حالت کا نفاذ کرتے ہوئے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریاں مکمل کر لیں ۔

ترجمان کینٹ بورڈ قیصر محمود نے’’ اے پی پی‘‘ کو بتایاکہ کینٹ کے تمام نالوں کی سالانہ صفائی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے اورکنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر سبطین رضاکی خصوصی ہدایات پر راولپنڈی کینٹ بورڈ نے مون سون کے لیے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیتے ہوئے سپیشل کمپلینٹ سیل قائم کر دیا ہے جہاں پر 24گھنٹے عملہ کی موجودگی یقینی بنائی گئی ہے اور تمام عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں ،شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال کے دوران سپیشل کمپلینٹ سیل کے نمبر 051-9274403پررابطہ کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انچارج سینی ٹیشن راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ وارث بھٹی نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ نالوں کی صفائی مہم کے دوران پشاور روڈ کی تمام لینوں سے ملحقہ نالے کی مکمل صفائی ،چک مدد خان اور حبیب خان کے قریب ریلوے پل نالہ کی مکمل صفائی ،آدڑہ نالہ ،عزیز آباد اور فیصل کالونی کے نالوں سمیت کینٹ کے 7نالوںکی مکمل صفائی کر دی گئی ہے ۔ وارث بھٹی نے قومی خبر رساں ادارے کو بتایاکہ مون سون کے دوران کسی بھی نالے کی ممکنہ بندش سے نمٹنے سے کے لیے ایکسکویٹر سمیت تمام عملہ الرٹ رہے گا ۔

ایڈیشنل ایگزیکٹو آفیسر چکلالہ کینٹ نوید نواز نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ مون سون کے دوران کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایکشن پلان کے تحت خصوصی ایمرجنسی سیل قائم کر دیا گیا ہے جو کہ 24گھنٹے فعال رہے گا جبکہ چکلالہ کینٹ کی حدود میں واقع 6نالوں کی صفائی کاکام بھی مکمل کر لیا گیا ہے ۔ایڈیشنل ایگزیکٹو آفیسر چکلالہ نوید نواز نے بتایاکہ مون سون سیزن کے لیے سپیشل ایکشن پلان کے تحت سینی ٹیشن سٹاف سمیت دیگر متعلقہ شعبوں کے افسران و اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں ۔

انہوں نے بتایاکہ بارشوں کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے عملہ ہمہ وقت الرٹ رہے گا۔ذرائع نے بتایاکہ مون سون کے دوران کینٹ بورڈز کے ساتھ ساتھ واسا ،میونسپل کارپوریشن اور ریسکیو اہلکاروں کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ۔اس ضمن میں واسا نے لیاوت باغ میں مرکزی کنٹرول روم بھی قائم کر دیا ہے جبکہ اس کے ساتھ چار فیلڈ دفاتر بھی قائم کیے گئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں