حلقہ این اے 59 میں مسلم لیگ (ن)،تحریک انصاف اور آزاد امیدوار میں مقابلہ

اتوار 15 جولائی 2018 16:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2018ء) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 59 میں پاکستان مسلم لیگ (ن)کے امیدوار راجہ قمر الاسلام ،تحریک انصاف کے امیدوار غلام سرور خان اور آزاد امیدوار چوہدری نثار علی خان کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔اے پی پی کو دستیاب اعداد و شمار کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 59 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 3,57199ہے جس میں مرد ووٹرز کی تعداد 1,88,374 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 1,68,825ہے ۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 59میں تحصیل راولپنڈی حلقہ قانون گو کے علاقے ادھوال،بندہ ،بسالی ،چکری ،گورکھ پور ،سہال ، راولپنڈی جبکہ چکلالہ قانون گو حلقہ کے پٹوار سرکل کے علاقے جراہی ،مورگاہ ،ٹوپی ،لکھن I،لکھن II،کوٹھہ کلاں ،دھمیال اور دھاماں سیداں شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

قومی خبررساں ایجنسی کو ووٹرز سے حاصل کردہ رائے میں دستیاب معلومات کے مطابق پسند ،ناپسند ،آبائی حلقہ سے تعلق اور پارٹی پوزیشن کی مضبوطی کے پیش نظر اس حلقہ میں سب سے زیادہ کانٹے دار مقابلہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوارراجہ قمر الاسلام ، سابق وفاقی وزیر داخلہ آزاد امیدوار چوہدری نثار علی خان اور پاکستان تحریک انصاف کے امیدوارغلام سرور کے درمیان ہے۔

اے پی پی کو ریجنل ا لیکشن کمیشن راولپنڈی سے دستیاب اعداد و شمار کے مطابق حلقہ این اے 59 میں مجموعی طور پر 10امیدوار آمنے سامنے ہیں جن میں سے پی ٹی آئی کے ایک امیدوار اجمل صابر راجہ نے پی ٹی آئی کے ہی امیدوار غلام سرور خان کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد دیگر امیدواروں میں سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے کزن چوہدری کامران علی خان (پیپلز پارٹی )،صفدر علی خان (آزاد )طارق بشیر راجہ (آزاد )محمد امین خان (آزاد )ملک محمد تاج (تحریک لبیک پاکستان )اور مولانا عبدالغفار غفاری توحیدی متحدہ مجلس عمل کے امیدوار ہیں ۔

اے پی پی کو ریجنل الیکشن کمیشن کی جانب سے موصولہ حتمی پولنگ سکیم کے مطابق حلقہ این اے 59 میں مجموعی پولنگ سٹیشنز کی تعداد 299 ہے جن میں سے 69 مردانہ ،68خواتین کے جبکہ 162مشترکہ پولنگ سٹیشن قائم کیے جائیں گے ۔اس حلقے میں مجموعی پولنگ بوتھ کی تعداد 715 ہے جن میں سے 372 مردانہ جبکہ 347 خواتین کے ہیں ۔اس حلقے میں مجموعی پولنگ آفیسرز کی تعداد 751،اسسٹنٹ پریذائیڈنگ آفیسرز 1502جبکہ پریذائیڈنگ آفیسرز کی تعداد 314ہے ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں