غیر قانونی رہائشی سکیموں کے خلاف کارروائی کا دائرہ وسیع

ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی سے رجسٹرڈ پراپرٹی ڈیلرز کا ریکارڈ طلب

اتوار 15 جولائی 2018 16:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2018ء) راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے غیر قانونی رہائشی سکیموں کے خلاف کارروائی کا دائرہ بڑھاتے ہوئے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی سے تمام رجسٹرڈ پراپرٹی ڈیلرز کا ریکارڈ طلب کر لیا ۔ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ آر ڈی اے حکام کو موصولہ اطلاعات کے مطابق بعض پراپرٹی ڈیلرز غیر قانونی اور خلاف ضابطہ ھائوسنگ سوسائٹیز کے پلاٹس دھوکہ دہی سے شہریوں کو فروخت کرنے میں ملوث ہیں جس کی روک تھام کے لیے آر ڈی اے نے رجسٹرڈ پراپرٹی ڈیلرز کی فہرست طلب کرتے ہوئے پلاٹس کی غیر قانونی خرید و فروخت میں ملوث پراپرٹی ڈیلرز کے خلاف بھی قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے ۔

ڈائریکٹر میٹرو پولیٹن اینڈ ٹریفک انجیئرنگ آر ڈی اے جمشید آفتاب نے قومی خبر رساں ادارے کو بتایاکہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی دفتر سے آر ڈی اے کی جانب سے یہ اپیل بھی کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی پراپرٹی ڈیلر کو رجسٹرکرتے وقت کسی بھی غیر قانونی اور غیر منظور شدہ ھائوسنگ سوسائٹی کے پلاٹس کی فروخت نہ کرنے کا حلفیہ بیان بھی لیں تاکہ غیر قانونی رہائشی سکیموں کی حوصلہ شکنی کی جا سکے ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب راولپنڈی کے ترقیاتی ادارے آر ڈی اے نے این او سی کی حامل تمام منظورشدہ ھائوسنگ سکمیوں کا ’’لے آئوٹ پلان ‘‘ ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے کے انتظامات کو بھی حتمی شکل دینا شروع کر دی ہے ۔ ڈائریکٹر آر ڈی اے جمشید آفتاب نے اے پی پی کو بتایاکہ راولپنڈی کی حدود میں واقع تمام ھائوسنگ سکمیوں کے موجودہ سٹیٹس کو اپ ڈیٹ کر کے تمام قانونی و غیر قانونی سکیموں کی تفصیلات آر ڈی اے کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دی گئی ہیں جبکہ شہریوں کو جعلسازی سے بچانے کے لیے تمام منظور شدہ ھائوسنگ سکیموں کے مکمل لے آئوٹ پلان کو بھی بہت جلد ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیاجائے گا جس کے بعد شہری سرمایہ کاری کرتے وقت آسانی سے سوسائٹی کے تمام منظور شدہ لے آئوٹ پلان کا مشاہدہ کر سکیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ اس طرح کوئی رہائشی سکیم لے آئوٹ پلان میں کسی بھی طرح من مانی ترمیم نہیں کر سکے گی اور عوامی مقاصد کے لیے مختص پلاٹس صرف اور صرف انہی مقاصد کے لیے استعمال ہو سکیں گے ۔واضح رہے کہ آر ڈی اے نے راولپنڈی پولیس ،سٹیٹ بنک ،ڈی جی پیمرا سمیت دیگرمتعلقہ اداروں کو پہلے ہی خطوط لکھ دیے ہیں ۔ڈائریکٹر آر ڈی اے جمشید آفتاب نے بتایاکہ ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے رانا اکبر حیات کی خصوصی ہدایات پر راولپنڈی میں خلاف ضابطہ اور غیر قانونی نجی رہائشی سکیموں کے خلاف ٹھوس اقدامات کیے جارہے ہیں تاکہ عوام کو بوگس و جعلی رہائشی اسکیموں کے فراڈ سے بچایا جا سکے ۔

جمشید آفتاب نے بتایاکہ آر ڈی اے نے قبل ازیں سی پی او راولپنڈی کو بھی باقاعدہ خط لکھ کر جعلی ،غیر قانونی اور نامنظور ھائوسنگ سوسائٹیز کے بکنگ دفاتر کے خلاف کارروائی کی اپیل کررکھی ہے اور ایسی رہائشی سکیموں کے خلاف دھوکہ دہی اور فراڈ کے مقدمات کے اندراج کی درخواست کی گئی تھی جس پر پیش رفت کی جائے گی ۔انہوں نے بتایاکہ سٹیٹ بنک آف پاکستان کو بھی ایک خط کے ذریعے جعلی ھائوسنگ سکیمز کے مالکان اور سہولت کاروں کے اکائونٹس نہ کھولنے کی درخواست کی گئی تھی ۔

اس ضمن میں غیر قانونی رہائشی سکیموں کی پرکشش اشتہاری مہمات کی جانچ پڑتال کے لیے ڈی جی پیمرا سے بھی مدد مانگی گئی جبکہ بجلی ،پانی اور گیس کی فراہمی کے ذمہ دار اداروں کو بھی خطوط ارسال کیے گئے جن میں ان سے درخواست کی گئی کہ آر ڈی اے سے غیر منظور شدہ کسی بھی ھائوسنگ سوسائٹی کو یوٹیلٹی سروسز نہ دی جائیں ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں