جس کا ڈر تھا وہی ہوا، لیگی کارکنان کی بڑی تعداد اڈیالہ جیل کے باہر پہنچ گئی

کارکنان نے اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 پر نعرے بازی شروع کر دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 18 جولائی 2018 16:28

جس کا ڈر تھا وہی ہوا، لیگی کارکنان کی بڑی تعداد اڈیالہ جیل کے باہر پہنچ گئی
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 جولائی 2018ء) : ن لیگی کارکن اڈیالہ جیل کے باہر پہنچ گئے۔ ہاتھ میں بینرز اُٹھائے لیگی کارکنان نے نعرے بازی بھی شروع کر دی۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کو اڈیالہ جیل میں قید رکھا گیا ہے۔ نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز نے 13 جولائی بروز جمعہ گرفتاری دی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کے کارکنان اڈیالہ جیل کے باہر پہنچ گئے ہیں۔ اڈیالہ جیل کے باہر پہنچنے والے کارکنان میں خواتین کی تعداد زیادہ ہے۔ کارکنان نے ہاتھوں میں بینرز ، نواز شریف اور مریم نواز کی تصاویر بھی اُٹھا رکھی ہیں جبکہ اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 پر لیگی کارکنان نے شدید نعرے بازی بھی شروع کر دی ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کے لیے جمعرات کا دن مقرر ہے لیکن لیگی کارکنان نے آج ہی اڈیالہ جیل کے باہر پہنچ کر احتجاج کرنا شروع کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی اڈیالہ جیل میں سکیورٹی میں اضافہ کیا گیا۔ اڈیالہ جیل کی ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضائی نگرانی بھی کی گئی۔ جیل ذرائع کے مطابق جیل میں نواز شریف اور مریم نواز کی سیکیورٹی کو ریڈ الرٹ کیا گیا۔ نواز شریف کی سکیورٹی پر چھ اہلکار تعینات کردئے گئے، جبکہ ان کے ساتھ ایک مشقتی بھی کام کر رہا ہے۔

جیل ذرائع نے بتایا کہ مریم نواز کی سیکیورٹی پر خاتون ڈپٹی سپریٹنڈنٹ سمیت 6 خواتین اہلکار تعینات کر دی گئی ہیں۔ جیل کھولنے کے دوران نواز شریف کو محدود رہنے کی ہدایات کی گئیں جبکہ مریم نواز کو بھی محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ جیل میں نواز شریف کو اخبارات بھی مہیا کیے گئے۔ جیل میں نواز شریف اور مریم نواز کو دئے جانے والے کھانے اور پانی کی نگرانی خود جیل سپریٹنڈنٹ کریں گے۔

جیل میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ہی نواز شریف اور مریم نواز کی سکیورٹی میں اضافہ کیا گیا تھا تاہم آج لیگی کارکنان جیل کے بار پہنچ کر نعرے بازی کر رہے ہیں۔ میڈیا ذارئع کے مطابق جیل کی سکیورٹی پر مامور اہلکار کارکنان کو منتشر کرنے اور ان ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن لیگی کارکنان اپنا احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں