نواز شریف اور مریم نواز اڈیالہ جیل میں بکرے کے گوشت اور دیسی مرغی کے مزے لُوٹ رہے ہیں

مریم نواز کافی حد تک جیل میں بنا کھانا کھانے سے اجتناب کر رہی ہیں۔ میڈیا رپورٹ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 19 جولائی 2018 12:33

نواز شریف اور مریم نواز اڈیالہ جیل میں بکرے کے گوشت اور دیسی مرغی کے مزے لُوٹ رہے ہیں
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جولائی 2018ء) : سابق وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز کو اڈیالہ جیل میں آج ساتواں روز ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیر اعظم نواز شریف کو بہتر کلاس کی ہر سہولت فراہم کی گئی ہے جبکہ انہیں اپنے خرچ پر جیل میں کھانا کھانے کی سہولت بھی ہے۔ قومی اخبار میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق مریم نواز 5 روز گزرنے کے بعد بھی خود کو اڈیالہ جیل کے ماحول میں ڈھال نہیں پائیں۔

انہوں نے جیل حکام سے مچھروں اور صفائی سُتھرائی سے متعلق شکایات بھی کیں جبکہ وہ جیل میں بنے کھانے سے بھی ہر ممکن حد تک اجتناب کررہی ہیں۔ دوسری جانب سابق وزیراعظم نواز شریف کو بھی جیل کا کھانا بھجوایا جاتا ہے جسے وہ واپس کر دیتے ہیں ۔ جیل ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کے دوپہر اور رات کے کھانے کے لیے جیل کے کچن سے ان کے اپنے خرچ پر بکرے کا گوشت اور دیسی مرغی کا سالن تیار کیا جاتا ہے جبکہ نواز شریف کے لیےجیل کے کچن میں تیار کی ہوئی روٹی ہی بھجوائی جاتی ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ تاحال نواز شریف کو بہتر کلاس کی سہولیات کے علاوہ کوئی غیر معمولی سہولت فراہم نہیں کی گئی۔ نواز شریف کی مجموعی سکیورٹی ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ جیل ملک صفدر کے ذمہ ہے ۔خیال رہے کہ گذشتہ روز پریس کانفرنس میں پنجاب کے نگران وزیراطلاعات احمد وقاص ریاض نے بتایا تھا کہ نوازشریف کو جیل قوانین 1978ء کے تحت ان کے استحقاق کے مطابق بہترکلاس کی سہولیات فراہم کر دی ہیں جس میں بہتر کلاس کا قیدی اپنا بستر، گدا، جوتے ، میز، کرسی، 21 انچ کا ٹی وی، ریڈیو، ٹوائلٹ کا سامان، اخبارات اور دیگر ایسی اشیاء اپنے خرچے پر حاصل کر سکتا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ نوازشریف کو جیل کے ایک بہتر کلاس پورشن میں علیحدہ کمرے میں رکھا گیا ہے جہاں انہیں ایک لوہے کا پلنگ، ذاتی بستر کی چادریں اور کپڑے ، ایک چھت کا پنکھا، دو بریکٹ فین اور ٹوائلٹ کے سامان کی سہولت دی گئی ہے ۔ وزیراطلاعات نے بتایا نوازشریف کو چہل قدمی کے لئے مناسب جگہ فراہم کی گئی ہے اور وہ باقاعدگی سے اپنے کمرے سے منسلک لان میں واک بھی کرتے ہیں۔

جیل کا میڈیکل سٹاف اور راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے کنسلٹنٹ نوازشریف کا باقاعدگی سے طبی معائنہ کرتے ہیں ، یہی نہیں بلکہ اسی ادارے کے ماہر غذا کی تجویز کردہ خوراک تعینات کردہ ایک خصوصی باورچی تیار کر کے فراہم کرتا ہے اور انہیں پھل، سلاد، کھجوریں اور تجویز کردہ خوراک (قیمہ) بھی فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ ان کی صحت تسلی بخش ہے ۔

نگران وزیر اطلاعات نے بتایا کہ جیل کے قواعدوضوابط سے ہٹ کر کچھ نہیں کیا جا سکتا، جیل میں صرف وہی کچھ کیا جا رہا ہے جس کی آئین اور قانون میں اجازت ہے ۔ محکمہ جیل خانہ جات کے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل ملک مبشراحمد خان نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ جیل کے قوانین و ضوابط پر باقاعدگی سے عمل ہو رہا ہے اور مریم نواز کو بھی خاتون ہونے کے ناطے جو ترجیحی سہولیات دی جا سکتی ہیں وہی دی جا رہی ہیں۔

دوسری جانب جیل میں نواز شریف اور مریم نواز کی سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ جیل حکام نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو سہالہ ریسٹ ہاؤس منتقل کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آئندہ چند روز میں نواز شریف اور مریم نواز کو سہالہ ریسٹ ہاؤس منتقل کر دیا جائے گا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں