کیا مریم نواز کو جیل میں انٹرنیٹ کی سہولت مل گئی ؟

مریم نواز نے ٹویٹر پر شاعرانہ پیغام جاری کردیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 21 جولائی 2018 17:28

کیا مریم نواز کو جیل میں انٹرنیٹ کی سہولت مل گئی ؟
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 جولائی 2018ء) : سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر پیغام جاری کر دیا ۔ مریم نواز نے ٹویٹر پر ''شاعرانہ'' ٹویٹ کیا اورلکھا کہ جس دھج سے کوئی مقتل میں گیا، وہ شان سلامت رہتی ہے۔ یہ جان تو آنی جانی ہے، اس جاں کی تو کوئی بات نہیں۔ گر بازی عشق کی بازی ہے، جو چاہو لگا دو ڈر کیسا۔

گرجیت گئے تو کیا کہنا، ہارے بھی تو بازی مات نہیں۔ ٹویٹر پر ساتھ ہی مریم نواز کے اکاؤںٹ سے VoteKoIzzatDo# #ووٹ_کو_عزت_دو کا نعرہ بھی لگایا ۔
  مریم نواز کے ٹویٹر پیغام کے بعد ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے کہ کیا مریم نواز کو اڈیالہ جیل میں انٹرنیٹ کی سہولت مل گئی ہے جو وہ جیل کے اندر سے بھی ٹویٹ کر رہی ہیں؟یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف ، صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں احتساب عدالت سے سزا پانے کے بعد اڈیالہ جیل میں قید کی سزا بھگت رہے ہیں۔

(جاری ہے)

نواز شریف کو احتساب عدالت نے مجموعی طور پر 11 ، مریم نواز کو 8 جبکہ کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی۔ احتساب عدالت کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو 10 سال قید کی سزا اورجعلی دستاویزات تیار کرنے پر دھوکہ دہی ثابت ہونے پر ، مریم نواز کو 7 سال قید کی سزا سنائی گئی ۔عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں سزا کے ساتھ ساتھ نواز شریف پر 8 ملین پاؤنڈ جُرمانہ اور مریم نواز شریف پر 2 ملین پاؤنڈ جُرمانہ بھی عائد کیا تھا۔ کیپٹن (ر) صفدر کو 8 جولائی جبکہ نواز شریف اور مریم نواز کو 13 جولائی کو اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں