اڈیالہ جیل کی گرمی سے ستائے نواز شریف کو اے سی کی سہولت دے دی گئی

جیل میں ایئرکنڈیشنر کی اجازت نہیں ہوتی لیکن انسانی ہمدردی کی بنیاد پر قانون کے مطابق اجازت دی ہے ،وزیر قانون پنجاب

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس ہفتہ 21 جولائی 2018 22:54

اڈیالہ جیل  کی گرمی سے ستائے نواز شریف کو اے سی کی سہولت دے دی گئی
راولپنڈی(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-21جولائی 2018ء) :اڈیالہ جیل کی گرمی سے ستائے نواز شریف کو اے سی کی سہولت دے دی گئی۔نگران وزیر قانون پنجاب ضیا حیدر رضوی کا کہنا تھا کہ جیل میں ایئرکنڈیشنر کی اجازت نہیں ہوتی لیکن انسانی ہمدردی کی بنیاد پر قانون کے مطابق اجازت دی ہے ،۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف احستاب عدالت سے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے کے بعد اس وقت اڈیالہ جیل میں ہیں جہاں انکئ سزا کا آغاز ہو گیا ہے۔

سابق وزیر اعظم جب سے جیل میں موجود ہیں تب سے انکی جانب سے شکایات کا سلسلہ جاری ہے۔اس سے قبل بھی سابق وزیر اعظم کی جیل میں حالت زار کے حوالے سے خبریں جیل سے باہر آ ہی رہیں تھیں ۔دو روز قبل پاکستان بار کونسل کے وفد نے جیل میں سابق وزیراعظم سے ملاقات کی تو انہوں نے شکایات کے انبار لگا دئیے۔

(جاری ہے)

نواز شریف نے بتایا کہ ان کے گھر سے راشن آتا ہے تو بتایا نہیں جاتا۔

اکثر چیزیں تب دی جاتی ہیں جب وہ خراب ہو جاتی ہیں ۔اس موقع پر انکا مزید بتانا تھا کہ انہیں کھانا بھی سڑا ہوا دیا جاتا ہے جبکہ بیت الخلا سے اس قدر بو آتی ہےکہ اس کا استعمال محال ہے۔نوازشریف نے مزید بتایا کہ ٹی وی اے سی کی سہولت موجود نہیں ہے۔پہلی رات سونے کے لیے پتلا سے گدا دیا گیا جبکہ بعد میں لوہے کہ چارپائی دے دی گئی۔تاہم تازہ ترین خبر کے مطابق سابق وزیر اعظم کی سن لی گئی ہے اور جیل کی شدید گرمی سے بچاو کے لیے نواز شریف کو اے سی کی سہولت فراہم کر دی گئی۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی جانب سے میڈیکل رپورٹ کی روشنی میں پنجاب کی نگران حکومت کو درخواست دی گئی تھی کہ طبیعت ناسازی کے باعث ڈاکٹروں نے ایئرکنڈیشنر لگانے کی سفارش کی ہے۔ جس پر نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے معاملہ وزیر قانون پنجاب کے سپرد کیا۔ ضیاء حیدر رضوی نے معاملات کا جائزہ لینے کے بعد ایئرکنڈیشنر لگانے کی منظوری دے دی۔ ان کا کہنا تھا کہ جیل میں ایئرکنڈیشنر کی اجازت نہیں ہوتی لیکن انسانی ہمدردی کی بنیاد پر قانون کے مطابق اجازت دی ہے جبکہ یہ معاملہ سوموار کے روز کابینہ اجلاس میں بھی رکھا جائے گا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں