میڈیکل بورڈ کا نوازشریف کواسپتال منتقل نہ کرنے کا فیصلہ

نوازشریف کو جیل میں ہی طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی،تاہم نوازشریف کے مختلف میڈیکل ٹیسٹ کی مکمل رپورٹس آنے پرعلاج کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ذرائع جیل انتظامیہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 23 جولائی 2018 15:18

میڈیکل بورڈ کا نوازشریف کواسپتال منتقل نہ کرنے کا فیصلہ
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23 جولائی 2018ء) : ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ سابق وزیراعظم نوازشریف کو میڈیکل بورڈ نے اسپتال منتقل نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے،نوازشریف کو جیل میں ہی طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی،تاہم نوازشریف کے مختلف میڈیکل ٹیسٹ کی مکمل رپورٹس آنے پرعلاج کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف کی طبیعت خراب ہونے پرآج میڈیکل بورڈ نے ان کا اڈیالہ جیل میں ہی طبی معائنہ کیا۔

جس کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈاکٹرز نے ابتدائی طور پر نوازشریف کو جیل سے اپستال منتقل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اسی طرح میڈیکل چیک اپ میں نوازشریف کوجیل میں ہی طبی امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔مختلف ٹیسٹ کی مکمل رپورٹس آنے پرعلاج کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

جیل ذرائع کے مطابق میڈیکل بورڈ نوازشریف کا طبی معائنہ کرنے کے بعد واپس روانہ ہوگیا ہے۔

واضح رہے سابق وزیراعظم نواز شریف کی گزشتہ روزاڈیالہ جیل میں طبیعت خراب ہوگئی۔ جس پر اڈیالہ جیل انتظامیہ نے ان کے میڈیکل چیک اپ کیلئے ڈاکٹرز کی ٹیم کوبلایا۔ راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے سربراہ میجر جنرل (ر) اظہر کیانی کی سربراہی میں میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کا جیل میں مکمل طبی معائنہ کیا۔ طبی معائنے کے دوران اس مرض کی تشخیص ہوئی ہے کہ نوازشریف کے خون میں یوریا کی مقدار خطرناک حد تک پہنچ گئی ہے جس سے ان کی کڈنی فیل ہونے کا خدشہ ہے۔

میڈیکل ٹیم نے مزید بتایا کہ نوازشریف کے جسم میں پانی کی شدید کمی اور دل کی دھڑکن بھی ناہموار ہے۔ طبی معائنہ کرنے والے میڈیکل بورڈ نے ہیلتھ سیکریٹری پنجاب کو ایمرجنسی سے مطلع کردیا ہے جب کہ ڈاکٹرز نے نوازشریف کوفوری اسپتال منتقل کرنے کا مشورہ دے دیا ہے۔ دوسری جانب ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے اپنے ردعمل میں کہا کہ جیل میں سہولتوں سے محروم رکھنے پر ان کی حالت تشویشناک ہوئی،نوازشریف کی جیل میں طبیعت خراب ہونے پر پاکستانی قوم کو سخت تشویش ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہاکہ نوازشریف کی جیل میں طبیعت خراب ہونے پر پاکستانی قوم کو سخت تشویش ہے، جیل انتظامیہ نے نواز شریف کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جس کے باعث ان کی حالت تشویشناک ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا شہبازشریف نے نگران وزیراعظم اور وزیراعلی کو خط بھی لکھا تھا جس میں نوازشریف کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی اپیل کی گئی تھی۔ واضح رہے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے والے نوازشریف ان دنوں اڈیالہ جیل میں قید ہیں جہاں ان کی طبعیت ناساز ہے جس کے باعث سابق وزیراعظم کے طبی معائنے کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں