خرابیوں کی گرتی دیوارکوآخری دھکا لگانےکا لمحہ آگیا،نوازشریف

25جولائی کو اپنی عزت اورووٹ کی حرمت کیلئےشیرکےنشان کوووٹ دو،میرےآزاد وطن کےغلام بنا دیےجانےوالےلوگو!اب بدل ڈالوسب کچھ، میں اورمریم آپ کی عزت اورووٹ کی عزت کیلئےقید میں ہیں۔قائد مسلم لیگ ن نوازشریف کا اڈیالہ جیل سے آڈیوپیغام

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 23 جولائی 2018 19:58

خرابیوں کی گرتی دیوارکوآخری دھکا لگانےکا لمحہ آگیا،نوازشریف
راولپنڈی(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 جولائی 2018ء) : احتساب عدالت سے ایون فیلڈریفرنس میں سزایافتہ مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ برسوں سے خرابیوں کی گرتی دیوار کو دھکا لگانے کا لمحہ آگیا، 25 جولائی کو اپنی عزت اور ووٹ کی حرمت کیلئے شیر کے نشان کوووٹ دو،میرے آزاد وطن کے غلام بنا دیے جانے والے لوگو!اب بدل ڈالوسب کچھ،میں اور مریم عوام کی عزت اور ووٹ کی عزت کیلئے قید میں ہیں۔

انہوں نے اڈیالہ جیل سے قوم کے نام اپنے جاری آڈیو پیغام میں کہا کہ میں جیل سے بول رہا ہوں۔25 جولائی کا تاریخی دن آن پہنچا ہے۔ میں اس جیل اور قید میں بھی آپ کا جوش ولولہ دیکھ رہا ہوں۔ہر طرف ووٹ کوعزت دو کے نعرے سن رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں کہنا چاہتا ہوں کہ برسوں سے ہمارا مقدر بن جانے والی خرابیوں کی گرتی ہوئی دیوار کوآخری دھکا لگانے کا لمحہ آگیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرے آزاد وطن کے غلام بنا دیے جانے والے لوگو!اب بدل ڈالوسب کچھ،میں اور مریم اس لیے قید میں ہیں کہ ہم نے آپ کی عزت اور آپ کے ووٹ کی عزت کیلئے یہ تحریک اٹھائی ہے۔ وقت آگیا ہے کہ آپ اس تحریک کوکامیاب بنائیں۔ سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ 25 جولائی کوایسا تاریخی فیصلہ سنائیں جوان تمام فیصلوں کوبہا لے جائے جنہوں نے پاکستان کوانصاف کا قبرستان بنا دیا ہے۔

نوازشریف نے کہا کہ 25 جولائی کونماز فجرکے بعد بھرپور عزم اور پختہ ارادے کے ساتھ گھروں سے نکلو، اپنی عزت اور ووٹ کی حرمت کیلئے مسلم لیگ ن کوووٹ دو، اور شیر کے نشان کوووٹ دو۔ یہ ایک سنہری موقع ہے جواللہ کی طرف سے آپ کومل رہاہے ۔اور اس سے ہرقیمت آپ نے پاکستان کی تقدیر بدلنی ہے۔
دوسری جانب آج سابق وزیراعظم نوازشریف سے گورنرپنجاب رفیق رجوانہ اور گورنرخیبرپختونخواہ اقبال ظفرجھگڑا نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی۔

اس موقع پرملاقات میں مریم نواز، کیپٹن ر صفدر بھی موجود تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات میں گورنرخیبرپختونخواہ اقبال ظفرجھگڑا اور گورنرپنجاب رفیق رجوانہ نے نوازشریف سے ملاقات میڈیکل چیک اپ کے دوران کی۔ دونوں گورنرزنے نوازشریف کی طبیعت خرابی اور میڈیکل چیک اپ سے متعلق معلوم کیا۔ اس موقع پر25 جولائی کوہونے والے عام انتخابات کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ ملاقات 2 گھنٹے تک جاری رہی۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں