اڈیالہ جیل میں تصویر کا معاملہ،

تحقیقاتی کمیٹی کی سفارشات پرحنیف عباسی اٹک جیل منتقل، حکام

ہفتہ 22 ستمبر 2018 15:28

اڈیالہ جیل میں تصویر کا معاملہ،
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2018ء) سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی رہائی کے موقع پر سنٹرل اڈیالہ جیل انتظامیہ کے دفتر میں لی گئی تصویرکے معاملہ پر ہونے والی تحقیقات کے بعد ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں پچیس سالہ سزا یافتہ حنیف عباسی کو اڈیالہ جیل سے اٹک جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ جیل حکام کے مطابق حنیف عباسی کو دو رکنی تحقیقاتی کمیٹی کی سفارشات پر ڈی آئی جی جیل خانہ جات کے حکم پر اٹک جیل بھیجا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جیل حکام نے ''اے پی پی''کو بتایا ہے کہ میاںنواز شریف کی رہائی کے روز حنیف عباسی بھی ملاقات کیلئے ان کے ساتھ الگ کمرے میں موجود رہے،میڈیا پرتصویر کی نشرواشاعت کے بعد انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات نے اس پر تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی تھی جس کی رپورٹ آنے کے بعد ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں سزایافتہ محمد حنیف عباسی کوہفتہ کے روزسنٹرل اڈیالہ جیل راولپنڈی سے اٹک جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی جی جیل کی تحقیقاتی کمیٹی نے اڈیالہ جیل میں سرچ آپریشن کیا ہے،اس دوران 200اضافی اہلکار اڈیالہ جیل پہنچے جوکہ اٹک، جہلم اورچکوال کی جیلوں سے طلب کئے گئے ۔سرچ آپریشن کے دوران اڈیالہ جیل کی تمام بیرکوں اور اسیران کی جامع تلاشی بھی لی گئی ہے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں