خطہ پوٹھوہار میں پانی کے ذخیرہ جات کے قیام کا منصوبہ شروع

آباد کا منی ڈیمز ،تالاب و آبی ذخائر کی تعمیر کے لیے مالی معاونت کا اعلان

اتوار 23 ستمبر 2018 18:40

راولپنڈی 23ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2018ء) بارانی علاقہ جات کے ترقیاتی ادارے (آباد ) پنجاب نے کاشتکاروں کی مالی معاونت کے پروگرام کا اعلان کرتے ہوئے 15اکتوبر تک درخواستیں جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔ڈائریکٹر جنرل آباد راولپنڈی ڈاکٹر احتشان انور کے مطابق حکومت پنجاب نے ترقیاتی ادارہ برائے بارانی علاقہ جات راولپنڈی کے توسط سے خطہ پوٹھوہار میں پانی کے ذخیرہ جات کے قیام کا منصوبہ شروع کیا ہے جس سے راولپنڈی ڈویژن کے چاراضلاع اٹک ،چکوال ،جہلم اور راولپنڈی کے کاشتکار تنظیمی گروپ کی صورت میں مستفید ہوں گے ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ آباد کے مالی معاونت کے پروگرام کے تحت بارشی پانی کے ذخیرے (منی ڈیم)کی تعمیر کے لیے 15لاکھ روپے تک ، تالاب کی تعمیر،واٹر سٹوریج ٹینک ، روف ٹاپ ھارویسٹنگ ،لفٹ اریگیشن کے لیے 05لاکھ جبکہ کنواں جات ،کم گہرائی والے ٹیوب ویلز وغیرہ کے لیے 03لاکھ روپے تک کی مالی معاونت فراہم کی جائے گی ۔مالی معاونت کے اس پروگرام سے استفادہ کے لیے نیشنل رورل سپورٹ پروگرام کی مدد سے قائم کاشتکاروں کی تنظیمیں اہل ہوں گی ۔اس حوالے سے دیگر معلومات محکمہ آباد کی ہیلپ لائن 1095یا ویب سائٹ www.abad.punjab.gov.pk.سے حاصل کی جا سکتی ہیں ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں