شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران پاک فوج کے شہید ہونے والے آفیسر اور اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی،شہداء کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ دفن کیا جائے گا، آئی ایس پی آر

اتوار 23 ستمبر 2018 20:40

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2018ء) شمالی وزیرستان میں ہفتہ کو آپریشن کے دوران پاک فوج کے شہید ہونے والے آفیسر سمیت دیگر اہلکاروں کی نماز جنازہ اتوار کو راولپنڈی میں ادا کی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شرکت کی۔ شہداء کے جسد خاکی ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیئے گئے ہیں جہاں ان کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ دفن کیا جائے گا۔

گزشتہ روز شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران پاک آرمی کے شہید ہونے والے کیپٹن جنید کا تعلق مری سے تھا اور وہ غیرشادی شدہ تھے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شہداء میں شامل حوالدار عبدالرزاق کا تعلق ضلع استور سے تھا، ان کے لواحقین میں ایک بیوہ، ایک بیٹا اور پانچ بیٹیاں شامل ہیں جبکہ حوالدار امیر ضلع گلگت سے تعلق رکھتے تھے جن کے پسماندگان میں ان کی بیوی، دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

بیان کے مطابق شہید حوالدار نصیر چلاس ضلع دیامیر سے تعلق رکھتے تھے جن کے لواحقین میں ان کی بیوہ اور والدہ شامل ہیں۔ اس طرح شہید حوالدار آصف کا تعلق خانیوال سے ہے جن کے لواحقین میں والدین، ان کی بیوہ، سات بہنیں اور ایک بھائی شامل ہیں اور سپاہی سمیع اللہ شہید گلگت بلتستان کے ضلع ہنزہ سے تعلق رکھتے تھے جبکہ سپاہی انور خان بھی گلگت بلتستان کے ضلع غذر سے تعلق رکھتے تھے اور دونوں غیرشادی شدہ تھے۔ اتوار کو ان کی نماز جنازہ یہاں ادا کی گئی جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی شرکت کی جس کے بعد ان کی میتیں ان کے علاقائی علاقوں کو روانہ کر دی گئی ہیں۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں