مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی جیل میں حنیف عباسی کی تصویر کھینچنے کی تردید ،ْ

محکمہ جیل کی د و رکنی کمیٹی نے رپورٹ مکمل کرلی

پیر 24 ستمبر 2018 15:04

مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی جیل میں حنیف عباسی کی تصویر کھینچنے کی تردید ،ْ
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2018ء) محکمہ جیل کی 2 رکنی کمیٹی نے سابق وزیراعظم نواز شریف، مسلم لیگ (ن) کے اسیر رہنما حنیف عباسی اور دیگر کی اڈیالہ جیل سپریٹنڈنٹ کے دفتر سے جاری ہونے والی تصویر کے معاملے پر اپنی رپورٹ مکمل کرلی۔محکمہ جیل ملتان کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل ملک شوکت اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل جوڈیشل ملک صفدر پر مشتمل کمیٹی محکمہ جیل کے انسپکٹر جنرل شاہد سلیم کی ہدایت پر تشکیل دی گئی تھی۔

خیال رہے کہ تصویر میں موجود تمام افراد نے اپنے ہمراہ کسی بھی کیمرے کی موجودگی اور تصویر کھینچنے سے انکار کیا تھا۔کمیٹی کو سونپی گئی ذمہ داریوں میں اس بات کا تعین کرنا بھی تھا کہ حنیف عباسی جو ایفی ڈرین کیس میں عمر قید کی سزا بھگت رہے ہیں، کو اڈیالہ سپریٹنڈنٹ کے دفتر میں نواز شریف کے ساتھ بیٹھنے کی اجازت کس نے دی ،ْاس کے ساتھ کمیٹی کو اس بات کی بھی تحقیقات کرنے کی ہدایت تھی کہ جیل سپریٹنڈنٹ کے کمرے میں کیمرہ کس طرح پہنچا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما مرتضیٰ جاوید عباسی مبینہ طور پراپنے ہمراہ کیمرہ لے کر گئے تھے جسے ڈپٹی انسپکٹر جنرل برائے جیل خانہ جات کی موجودگی میں سپریٹنڈنٹ کے دفتر میں تصاویر کھینچنے کیلئے استعمال کیا گیا تاہم مرتضیٰ عباسی نے کسی قسم کا کیمرہ یا موبائل فون لے جانے اور تصاویر کھینچنے کی تردید کی جبکہ تصویر میں نظر آنیو الے دیگر افراد نے بھی سپریٹنڈنٹ کے دفتر میں کیمرے یا موبائل کی موجودگی سے انکار کیا۔

خیال رہے کہ کمیٹی کی جانب سے تحقیقات کا آغاز کیے جانے کے فوراً حنیف عباسی کو اڈیالہ جیل سے اٹک جیل منتقل کردیا گیا تھا۔جیل سے جاری ہونے والی 2 تصاویر میں سے ایک میں سابق وزیر اعظم نوازشریف اور ان کے بھائی شہباز شریف، وزیراعظم کے سابق مشیر ہوا بازی سردار مہتاب خان اور راحیل منیر کو بیٹھے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔اسی موقع کی دوسری تصویر میں حنیف عباسی نواز شریف اور شہباز شریف کے درمیان بیٹھے نظر آرہے ہیں ،ْ سابق رکنِ قومی اسمبلی ملک ابرار اور مرتضی عباسی موجود ہیں۔

واضح رہے کہ جیل میں دو ماہ کی مدت گزارنے کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف ان کی صاحبزادی مریم نوزا اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے ضمانت پر رہائی کا حکم ملا تھا ،ْان تصاویر کے جاری ہونے کے بعد جیل انتظامیہ نے جیل آنے والے افراد کی چیکنگ میں سختی کردی۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں