راولپنڈی،کاروباری برادری نے سماجی، اقتصادی اور قومی خوشحالی میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے ، اسد قیصر

امریکن بزنس کمیونٹی پاکستان میں بے خطر و خوف سرمایا کاری کرے انہیں ہرقسم کا تحفظ دیا جائے گا، معاشی پالیسی کی تشکیل کے لیے بزنس کمیونٹیکی رائے لی جائے گی ، پاکستان امریکہ بزنس سمٹ سے خطاب

پیر 24 ستمبر 2018 22:06

راولپنڈی،کاروباری برادری نے سماجی، اقتصادی اور قومی خوشحالی میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے ، اسد قیصر
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 ستمبر2018ء) امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کا جذبہ قابل قدر ہے انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کی طرف راغب کرنے اور سہولتیں دینے کے لئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا ان خیالات کا اظہاراسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے مقامی ہوٹل میں راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام پہلے پاکستان امریکہ بزنس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور ان تعلقات کو برابری کی سطح پر استوار کرنا چاہتا ہے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژ ن کے مطابق ملک میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور اقتصادی روابط بڑھانے کے لیے تما م تر کوشیش کی جائیں گی پاک امریکہ بزنس سمٹ کے انعقاد کے لیے راولپنڈی چیمبر اور پاک امریکہ بزنس فورم کی کاوش قابل ستائش ہے انہوں نے کہا بزنس کمیونٹی اہم سٹیک ہولڈر ہے معاشی پالیسی کی تشکیل کے لیے ان کی رائے لی جائے گی انہوں نے یقین دلایا کہ وہ وزیر خزانہ اور مشیر خزانہ کو ہدایت دیں گے کہ وہ جلد ہی چیمبر آف کامرس کے نمائندوں کے ساتھ ملاقات کریں اور ان کی تجاویز کو شامل کریں اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ قومی خوش حالی اور دیر پا ترقی کا انحصار حکومتوں کے شانہ بشانہ کا م کرنے والی کاروباری بر ادری پر ہوتا ہے پاکستان کی کاروباری برادری نے سماجی، اقتصادی اور قومی خوشحالی میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے ۔

(جاری ہے)

تمام چیلنجوں اور قومی مسائل پر مل جل کر قابو پایا جا سکتا ہے امریکن بزنس کمیونٹی پاکستان میں بے خطر و خوف سرمایا کاری کرے انہیں ہرقسم کا تحفظ دیا جائے گا سی پیک سے پاکستان اور پورے خطے میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی، نجی شعبہ آگے آئے اس سے پہلے وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ معاشی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ ملک میں امن ہو تاجر برادری خاص طور پر بیرون ملک مقیم پاکستانیو ں کو سرمایا کاری کے لیے ہر ممکن تعاون اور تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور ہم اسے احسن طریقے سے نبھائیں گے، اور سیز پاکستانیوں کا پاکستان کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات باہمی احترام اور باہمی انحصار پر مبنی ہیں ہمیں امن کے لیے مل کر کام کرنا ہو گا اور پاکستان کاامیج بہتر بنانا ہو گا غلظ تصورات کو ختم کرنا ہو گا ، ہم دہشت گردی کے خلاف ایک بڑی جنگ لڑ رہے ہیں قومی سلامتی و دفاع پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔

سمٹ سے سینٹر اعظم سواتی نے بھی خطاب کیا انہوں نے کہا کہ پاکستانی محنتی ہیں اور پاکستان میں سرمایاکاروں کے لیے وسیع مواقع دستیاب ہیں ۔قبل ازیں صدر چیمبر زاہد لطیف خان نے کہا کہ بزنس سمٹ کا مقصد پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی روابط کے فروغ، وفود کی سطح پر تبادلوں،تجارتی نمائشوں اور میلوں کا انعقاد سمیت مختلف شعبوں میں تجارت کے فروغ میں حائل رکاوٹوں کی نشاندہی اور حل پر تبادلہ خیال کرنا تھا امریکہ اور پاکستان کے درمیان تجارتی تعلقات بہتر بنانے کے لیے ضروری ہے کہ وفود کی سطح پر تبادلہ کیا جائے اور نمائشوں اور میلوں کا اہتمام کیا جائے اس موقع پر راولپنڈی چیمبر اور پاک امریکہ بزنس فورم کے درمیان ایک ایم او یو پر بھی دستخط بھی کیے گئے سمٹ میں امریکہ کے شہر ڈیلیس (Dallas)سے تجارتی وفد سمیت امریکی سفارتخانے کے کمرشل قونصلر، مختلف چیمبرز کے صدور، راولپنڈی چیمبر کے عہدے داران، تاجر برادری کے نمائندے اور بزنس کمیونٹی کی ممتاز شخصیات نے بھی شرکت کی۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں