این اے63 ٹیکسلا: تحریک انصاف جیت کے قریب

پی ٹی آئی امیدوارمنصورحیات30 ہزار 267 ووٹوں کے ساتھ آگے جبکہ ن لیگ کے امیدوارعقیل 19ہزار4 سو61 ووٹ لیکر پیچھے ہیں، غیرسرکاری غیرحتمی نتائج

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 14 اکتوبر 2018 18:39

ٹیکسلا(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14 اکتوبر 2018ء) ضمنی انتخابات 2018ء میں انتخابی نتائج آنے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، ٹیکسلا سے این اے 63 کے غیر حتمی انتخابی نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوارمنصورحیات30ہزار267 ووٹ لیکر جیت کے قریب پہنچ گئے۔ جبکہ 300سے زائد پولنگ اسٹیشنز میں 167میں ن لیگ کے امیدوارعقیل 19ہزار4 سو 61 ووٹ لیکر پیچھے ہیں۔ تاہم ابھی نتائج کا سلسلہ جاری ہے۔

واضح رہے الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخابات میں پولنگ کے عمل کے دوران کل 23 شکایا ت موصول ہوئیں۔ انٹرنیٹ ووٹنگ کا ٹرن آؤٹ 84 فیصد رہا ہے۔ قومی اسمبلی کیلئے5 ہزار117 انٹرنیٹ ووٹ کاسٹ ہوئے، صوبائی اسمبلی کیلئے ایک ہزار 116 ووٹ کاسٹ کیے گئے۔اسی طرح الیکشن میں76 فیصد اوورسیز پاکستانیوں نے ووٹ کاسٹ کیے۔

(جاری ہے)

واضح رہے ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے35 حلقوں میں ضمنی الیکشن 2018ء کیلئے پولنگ کا عمل صبح8 بجے شروع ہوا۔

جو کہ شام5 بجے تک بلا تعطل جاری رہا۔ ضمنی الیکشن کے موقع پر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے ساتھ ساتھ باقی تمام متعلقہ ادارے ریسکیو1122، سول ڈیفنس و دیگر بھی الرٹ ہیں۔ الیکشن میں پہلی بار اوورسیز پاکستانیوں نے حق رائے دہی استعمال کیا۔ اسی طرح الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضمنی انتخابات والے 35 حلقوں کے لئے پانچ خصوصی صنفی شکایات ڈیسک قائم کردئیے ہیں۔

الیکشن کمیشن حکام کے مطابق ڈیسک چاروں صوبوں اور ایک ڈیسک الیکشن کمیشن آفس اسلام آباد میں قائم کیا گیا۔ ضمنی انتخابات کیلئے اسلام آباد ہیڈ کوارٹرز میں مرکزی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ کنٹرول روم انتخابی نتائج مکمل ہونے تک کام جاری رکھے گا۔ کنٹرول روم نے ادارے میں ایک علیحدہ شکایت سیل قائم کیا ہے جو ضمنی انتخابات کے حوالے سے شکایات وصول کرے گا۔انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج اور سہولیات فراہم کرنے کا ایک مرکز بھی قائم کیاگیا ہے جو چوبیس گھنٹے کام کرے گا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں