چکلالہ کینٹ میں صفائی کے مربوط نظام کے نفاذ کا فیصلہ

گندگی پھیلانے کے مرتکب شہریوں اور تاجروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی

اتوار 21 اکتوبر 2018 18:50

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2018ء) چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ نے کینٹ میں صفائی کے مربوط نظام کے تحت غفلت ولاپرواہی کے مرتکب شہریوں وتاجروں کو جرمانے اور سزائیں دینے کا فیصلہ کر لیا ۔چکلالہ کینٹ کے ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ کینٹ میں صفائی کے مربوط نظام کے تحت تمام کوڑا دانوں کوڑا اٹھانے کا وقت اور متعلقہ برانچ کا فون نمبر درج کیا جا رہاہے تاکہ شہری کوڑا نہ اٹھائے جانے کی صورت میں ان نمبروں پر رابطہ کر سکیں ۔

ذرائع نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ کوڑا پھیلانے اور جگہ جگہ پھینکنے پر قانون ے مطابق جرمانہ اور سزاء کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے جبکہ دکانوں اور تجارتی مراکز کے سامنے یا ارد گرد کوڑا کرکٹ کی موجودگی کی صورت میں بھی دکاندار ،مالک اور کرایہ دار قصور وار تصور ہو گا اور اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکے گی ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے مزید بتایاکہ اسی طرح عمارتی ملبہ کوڑا دان یا نالوں میں پھینکنے والے افراد کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی ۔

کینٹ میں صفائی کے حوالے سے کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر چکلالہ ملک اسحاق نے کہاکہ صفائی نصف ایمان ہے ،شہریوں کو چاہیے کہ وہ عملہ صفای سے تعاون کریں اور کوڑا صرف مقررہ جگہوں اور کوڑا دان میں ڈالیں ،کوڑے کی صفائی کے لیے گاڑی مقررہ اوقات میں دن میں صرف ایک کوڑے دان سے کوڑا اٹھا سکتی ہے اس لیے صبح دس بجے سے قبل کوڑا کرکٹ کچراد ان میں ڈالنے کو معمول بنایا جائے ۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں