دھمیال واٹر سپلائی سکیم پر یو سی چیئرمین کا مبینہ قبضہ ،ہزاروں گھرانوں کو پانی کی فراہمی بند

اتوار 18 نومبر 2018 16:00

راولپنڈی18نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2018ء) محکمہ پبلک ہیلتھ راولپنڈی کی مبینہ ملی بھگت سے دھمیال واٹر سپلائی پر یو سی چیئرمین کے قبضہ سے ہزاروں گھرانوں کو پانی کی فراہمی پانچ ماہ سے معطل ہو گئی ۔یہ انکشاف دھمیال واٹر سپلائی سکیم کے چیئرمین غفار خان بھٹی نے ممبران واٹر سپلائی کمیٹی محمد ادریس ،عامر اقبال و دیگر کے ہمراہ اتوار کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں کیا ۔

انہوں نے کہاکہ واٹر سپلائی سکیم کا آئینی و قانونی چیئرمین ہو ں لیکن کام سے روک دیا گیا ،غیر آئینی اقدام کے خلاف عدالت عالیہ سے رجوع کرکے عوامی فلاحی منصوبے کی راہ میں روڑے اٹکانے والوں کو بے نقاب کروں گا۔ دھمیال واٹر سپلائی سکیم کے چیئرمین غفار خان بھٹی نے بتایاکہ یو سی موہری غزن و ملحقہ آبادیوں کے لاکھوں نفوس پر مشتمل ہزاروں گھرانوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے پر محکمانہ ملی بھگت سے قابض گروپ نے آئینی و قانونی چیئرمین و واٹر سپلائی کمیٹی کو پانچ ماہ سے زائد عرصہ سے عملی طور پر بے دخل کررکھا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو پانی کی فراہمی بند اور انہیں شدید مشکلات لاحق ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کار سرکار میں مداخلت اور عوامی فلاحی منصوبے کو ثبوتاژ کرنے پر اہالیان علاقہ میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور لوگوں نے اس غنڈہ گردی کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج کا فیصلہ کیا ہے ۔غفار خان بھٹی نے کہاکہ پانی کی عدم فراہمی سے لوگ ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر ہیں پانی کے حصول کے لیے ہزاروں روپے خرچ کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں تاھم علاقہ مکینوں کے لیے خطیر مالیت سے تیار کردہ واٹر سپلائی سکیم پر قبضہ مافیا نے ڈیرے لگا لیے ہیں اور عوام کو ان کے حق سے محروم کرنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں ۔

چیئرمین واٹر سپلائی سکیم غفار خان نے کہا کہ قبضہ گروپ کا سرغنہ اپنے غیر قانونی اقدامات کی پردہ پوشی کے لیے کنکشن کی مد میں 7000روپے فی گھرانہ وصولی کے من گھڑت الزامات لگانے میں مصروف ہے جبکہ حقیقیت یہ ہے واٹر کنکشنز کی مد میں لی گئی سیکورٹی ،فیس اور دیگر واجبات کی مکمل تفصیلات واٹر سپلائی کمیٹی کے پاس موجود ہیں ۔غفار خان بھٹی نے کہاکہ عوامی فلاحی منصوبے کو ثبوتاژ کر کے ہزاروں گھرانوں کو پانی جیسی بنیادی ضرورت سے محروم کرنے والوں کے خلاف عدالتی دروازہ کھٹکھٹائیں گے اور عوام کو ان کا حق دلائیں گے ۔دھمیال واٹر سپلائی کمیٹی کے عہدیداران نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی و دیگر متعلقہ حکام سے دھمیال واٹر سپلائی کی بندش کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں