محکمہ جنگلات نے مون سون شجر کاری مہم کے دوران 9,78,000 پودے لگا ئے

منگل 20 نومبر 2018 03:50

راولپنڈی18نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) محکمہ جنگلات راولپنڈی نے مون سون شجر کاری مہم کے دوران9,78,000 پودے لگا کر رواں برس کے مقررہ ہدف کا 181.03فی صد سے زائد حاصل کر لیا ۔کنزرویٹر فارسٹ راولپنڈی سائوتھ سرکل شیخ ثاقب محمود نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ محکمہ جنگلات راولپنڈی نے مختلف اقسام کے 1,50,000پودے مختلف دفاعی ادارہ جات کو دیئے گئے جبکہ ہزاروں پودے شہریوں،مختلف تعلیمی اداروں اور دیگر محکمہ جات میں تقسیم کیے گئے ۔

انہوں نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ محکمہ جنگلات راولپنڈی نے مون سون شجر کاری مہم کی کامیابی کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ٹھو س اقدامات کیے اور رواں شجر کاری مہم کے دوران محکمہ جنگلات راولپنڈی سائوتھ سرکل نے قلیل عرصہ میں 9,78,000 پودے لگا کر مقررہ ہدف کا 181.03فی صد سے زائد حاصل کیا ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اے پی پی کو بتایاکہ درختوں کی اہمیت بارے آگاہی مہمات کی بدولت شہریوں میں درختوں سے محبت اور شجر کاری کے رجحان میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے اور اس ضمن میں شہریوں نے اپنا بھرپور مثبت کردار ادا کرنا شروع کر دیا ہے جس کی وجہ سے بہت جلد ہر طرف ہریالی متوقع ہے ۔

انہوں نے مزید بتایاکہ محکمہ جنگلات کی نرسریوں میں مختلف اقسام کے پودے صرف 8روپے فی پودا کی ارزاں قیمت پر دستیاب ہیں ۔انہوں نے بتایاکہ محکمہ جنگلات سائوتھ سرکل نے مون سون شجر کاری مہم کے دوران 5.5 ملین پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا تھا تاھم موثر حکمت عملی کی عملی بدولت مقررہ ہدف سے زائد پودے لگائے گئے ۔انہوں نے بتایاکہ اس حوالے سے ڈویژنل فارسٹ آفیسرز اور دیگر متعلقہ حکام کو سول سواسئٹی اور طلباء و طالبات کی معاونت سے زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کی ہدایات کی گئی تھیں ۔انہوں نے کہاکہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے محکمہ جنگلات شجر کاری مہم کو کامیاب بنانے کے جامع پلان پر عمل پیرا ہے ۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں