نادہندگی پر 31گاڑیاں تھانوں میں بند،300سے زائد نادہندہ گاڑیوں کے کاغذات ضبط

اتوار 9 دسمبر 2018 19:00

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2018ء) ایکسائز راولپنڈی نے نادہندگی پر 31گاڑیاں مختلف تھانوں میں بند اور 300سے زائد نادہندہ گاڑیوں کے کاغذات ضبط کر لیے ۔ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ ڈائریکٹر ایکسائزراولپنڈی چوہدری محمد سہیل ارشد کی خصوصی ہدایات پر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی ڈویژن کے چاروں اضلاع جہلم ،اٹک ،چکوال اور راولپنڈی میں نادہندہ گاڑیوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کے دوران ضلع راولپنڈی کے موٹر وہیکل رجسٹریشن اتھارٹی 1ملک امجد علی اعوان اور موٹر وہیکل رجسٹریشن اتھارٹی IIسہیل صابرکی زیر نگرانی 04خصوصی ٹیمیں تشکیل دی تھیں جنھوں نے اسسٹنٹ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر سہیل شہزاد کی سپرویژن میں بھرپور کارروائی کرتے ہوئے ٹوکن ٹیکس نادہندگی و واجبات کی عدم ادائیگی پر 26گاڑیاں مختلف تھانوں میں بند کر دیں جبکہ 250گاڑیوں کی رجسٹریشن بکس و دیگر کاغذات ضبط کر لیے ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے قومی خبر رساں ادارے کو بتایاکہ اسی طرح ضلع چکوال میں نادہندگان کے خلاف کارروائی کے دوران 05گاڑیاں بند جبکہ دیگر 27گاڑیوں کے کاغذات ضبط کر لیے ۔ضلع جہلم میں مجموعی طور پر 30نادہندہ گاڑیوں کے کاغذات ضبط کیے گئے ۔ضلع اٹک میں نادہندہ گاڑیوں کے خلاف کارروائی کے دوران 26گاڑیوں کے کاغذات ضبط کیے گئے ۔ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی چوہدری محمد سہیل ارشد نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ جنرل ہولڈ اپ کے دوران مجموعی طور پر 333گاڑیوں کے کاغذات ضبط کیے گئے اور انہیں خبردار کیا گیا کہ وہ ٹوکن ٹیکس سمیت دیگر واجبات کی فوری ادائیگی یقینی بنائیں بصورت دیگر نادہندہ گاڑیاں بند کر دی جائیں گی ۔

ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی چوہدری محمد سہیل ارشد نے کہاکہ ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی کی رعائتی مدت کے بعد ٹوکن ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کے خلاف ڈویژن بھر میں گرینڈ آپریشن کیا گیا ۔انہوں نے کہاکہ یہ آپریشن آئندہ بھی جاری رہے گا اور ٹوکن ٹیکس نادہندگان سے جرمانے کے ساتھ ٹیکس وصولی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں