وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی کا بے نظیر بھٹو ہسپتال کا دورہ

حکومت ملک بھر میں آئندہ ماہ اڑھائی کروڑ ہیلتھ انشورنس کارڈ جاری کرے گی‘ عامر محمود کیانی

اتوار 9 دسمبر 2018 20:10

راولپنڈی09دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2018ء) وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے کہا ہے کہ حکومت ملک بھر میں ہیلتھ انشورنس پروگرام کے ذریعے نادار اور مستحق افراد کو علاج معالجے کی سہولیات کی بہم رسانی کے لیے آئندہ ماہ سے اڑھائی کروڑ ہیلتھ انشورنس کارڈ جاری کرے گی ۔وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے اتوار کو بے نظیر بھٹو ہسپتال مری روڈ راولپنڈی کے دورے کے دوران صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ حکومت بہت جلد نئی ہیلتھ پالیسی کا اعلان کرے گی ۔

قبل ازیں وفاقی وزیر نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور مریضوں سے ملاقات کر کے علاج معالجے بارے معلومات حاصل کیں ۔وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے کہاکہ ماضی کی حکومتوں نے صحت کے شعبے کی جانب خاطر خواہ توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے پاکستان میں ہیلتھ کیئر سسٹم پر بے انتہا بوجھ ہے اوریہ شعبہ گوناگوں مسائل سے دوچار ہے ۔

(جاری ہے)

ماضی میں شعبہ صحت کو نظر انداز کرنے کا سب سے بڑا ثبوت یہ ہے کہ سابقہ حکومتیں قومی ہیلتھ پالیسی کی تشکیل میں ناکام رہیں جس کی وجہ سے ملک صحت کے شعبے کے اہداف کے حصول میں بری طرح ناکام ہوا ۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے مزید رقم خرچ کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ عوام کی سہولت کے لیے ملک بھر کے بنیادی مراکز صحت کو اپ گریڈ کیا جائے گا جبکہ ینگ ڈاکٹرز کے مسائل کے حل کے لیے بھی کوششیں کی جائیں گی ۔وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے کہاکہ عوام کی صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے 4نئے ہسپتال بنائے جائیں گے جبکہ ہسپتالوں میں عملے کی کمی پر قابو پانے کے لیے نئی بھرتیوں کا عمل جاری ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں نرسوں کی کمی کے مسئلے کے حل کے لیے بہت جلد نرسنگ یونیورسٹی بھی قائم کی جائے گی ۔انہوں نے کہاکہ شعبہ صحت کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے اور مستقبل قریب میں اس شعبے کی بہتری کے اقدامات کے ثمرات ملنا شروع ہوں جائیں گے ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں