مسیحی برادری کا سال نو کو ’’امن اور امید ‘‘ کے سال کے طور پر منانے کا اعلان

اتوار 16 دسمبر 2018 17:30

راولپنڈی 16دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2018ء) مسیحی برادری نے سال نو کو ’’امن اور امید ‘‘ کے سال کے طور پر منانے کا اعلان کر دیا۔آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے کہاکہ کیتھولک بشپس کانفرنس نے سال 2018ء کوپاکستان میں ’’پاک یوخرست‘‘ کا سال قرار دیا تھا۔ اسلام آباد اور راولپنڈی ڈائیوسیس میں’’ پاک یوخرست ‘‘ کا سال باضابطہ طور پر یکم دسمبر2018ء کو ختم ہوا جس کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ مسیحی برادری سال 2019ء کو امن اور امید کے سال کے طور پر منائے گی ۔

بشپ ہاؤس راولپنڈی کے مطابق آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے کہا کہ اگر ہم موجودہ دور کا جائزہ لیں تو پوری دُنیا اِس وقت افراتفری ،بے چینی اور کشمکش کا شکار ہے ، ہر طرف جنگ و جدل ،لڑائی جھگڑا ، اقتدار اور طاقت کو پانے کی ہوس ہیِِ، بے روز گاری اور مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، دُنیا معاشی بحران کا سامنا کر رہی ہے اور عام آدمی کا آزادی کے ساتھ جینا محال ہو چکا ہے ایسے حالات میں صرف اًمن اور اُمید ہی وہ راستہ ہے جس پر چل کر ہم متحد ہو سکتے اور ایک کامیاب و خوشحال زندگی گزار سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے توقع ظاہر کی کہ ہم سب محنت اور لگن سے آنے والے سال کو حقیقی معنوں میں ’’ اًمن اور اُمید‘‘ کا سال بنائیں گے، اِس مقصد کے لیے آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے تمام گرجا گھروں کے فادرز اور مسیحی اداروں کے سربراہان سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گرجاگھروں اور مسیحی اداروں میں یکم جنوری 2019ء کو ’’ اًمن اور اُمید ‘‘ کے سال کی ابتدا کریںاور سارا سال مختلف پروگراموں اور سرگرمیوں کے ذریعے اًمن اور اُمید کے موضوع کو مرکز و محور بنائیں ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں