راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ سال نو میں شروع کرنے کی کوششیں تیز

راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کی فزیبلٹی اور ڈیزائن کے لیے 97.975 ملین روپے کی رقم مختص کر دی گئی

اتوار 16 دسمبر 2018 19:30

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2018ء) راولپنڈی کے ترقیاتی ادارے آر ڈی اے کے چیئرمین محمد عارف عباسی نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کے پی سی II کی منظوری کے ساتھ ساتھ فزیبلٹی اور ڈیزائن کے لیے 97.975 ملین روپے کی رقم بھی مختص کر دی ہے اور راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کا تعمیراتی کام سال 2019کی پہلی سہہ ماہی میں شروع کرنے کی ہر ممکن کوششیں کی جا رہی ہیں ۔

چیئرمین آر ڈی اے محمد عارف عباسی نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ پنجاب حکومت علاقے میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور شہری علاقوں میں ٹریفک بہائو کی بحالی کے لیے راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کو جلد از جلد شروع کرنے کی خواہاں ہے ۔محمد عارف عباسی نے کہا کہ ہم شہری علاقوں میں ٹریفک رش کو کم کرنے کے لیے راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کے ساتھ صنعتی زونز ،ایجوکیشن سٹی ،کمرشل ایریاز اور ھائوسنگ سوسائٹیاں قائم کرنا چاہتے ہیں جبکہ شہر کی ہول سیل مارکیٹس بھی وہاں منتقل کی جائیں گی ۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے محمد حیات لک نے قومی خبر ایجنسی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کا پی سی IIمنظور ہو چکا ہے جبکہ پی سی Iکی تیاری جاری ہے جو کہ منظوری کے لیے رواں ہفتے میں پنجاب حکومت کو پیش کیا جائے گا ۔انہوں نے بتایاکہ پنجاب حکومت نے راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کی فزیبلٹی سٹڈی اور ڈیزائن کے لیے Rs 97.975 ملین روپے کی رقم مختص کی تھی جبکہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے 06دسمبر کو آر ڈی اے کی جانب سے پیش کیے گئے راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کی منظوری دی تھی ۔

ڈی جی آر ڈی اے نے کہاکہ راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ راولپنڈی شہر کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس منصوبے سے ہیوی ٹریفک کالوڈ کم ہو گا ۔انہوں نے کہاکہ راولپنڈی شمالی علاقوں کو ملک کے دیگر مرکزی شاہراتی نظام سے منسلک کرنے کے لیے مرکزی شہر ہے ۔دریں اثناء ذرائع نے سرکاری خبر رساں ادارے کو بتایاکہ آر ڈی اے راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کو مکمل کرے گا ۔

اس ضمن میں پراجیکٹ کی تکمیل اور اراضی کی خریداری کے لیے دو الگ پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ (پی ایم یو ز)بنائے جائیں گے ۔ذرائع نے بتایا کہ راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت یا لون فناسنگ کے ذریعے تعمیر کر نے کے تعین کے لیے حکومت نے آر ڈی اے کو کنسلٹنٹ ہائر کرنے کی ہدایت بھی کی ہے ۔کنسلٹنٹ کی تعیناتی کا عمل بھی رواں ہفتے اظہار دلچسپی کی تشہیر کے ساتھ ہی شروع ہو جائے گا جو کہ ایک ماہ کے اندر پایہ تکمیل تک پہنچے گا ۔

ذرائع نے اے پی پی کوبتایا کہ سابق پنجاب حکومت نے چین کے ایشئین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بنک سے منصوبے کے لیے قرض لینے پر رضامندی ظاہر کی تھی ۔اس ضمن میں حکومت بنک سے مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہے تاہم تمام معاملات کنسلٹنٹ کی تعیناتی کے بعد ہی طے پا سکیں گے ۔ذرائع نے بتایاکہ قبل ازیں چینی بنک نے سابق حکومت سے کہاتھا کہ پہلے اراضی ایکوائر کی جائے اس کے بعد منصوبے کے لیے قرض فراہم کیا جائے گا ۔

مجوزہ 38کلومیٹر طویل راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ جی ٹی روڈ پر روات کے قریب چھنی شیر عالم پل سے شروع ہو کر لاہور راولپنڈی موٹر وے کے مابین روات اور ترنول سے لنک روڈز کے ساتھ نیو انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے قریب موٹر وے ٹھلیاں انٹرچینج پر اختتام پذیر ہو گا جبکہ اس پر چار انٹر سکیشنز بھی تعمیر کیے جائیں گے ۔رنگ روڈ کے غیر حتمی ابتدائی ڈیزائن میں 6پل، 22پلیاں، 10اوور ہیڈ بریج اور3انٹر چینج شامل ہیں۔رنگ روڈ منصوبہ کی مدت تکمیل مئی 2021مقرر کی گئی ہے تاہم یہ منصوبے کی مقررہ وقت پر شروعات سے مشروط ہے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں