دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے افواج پاکستان نے بے مثال قربانیاں دی ہیں‘ ،16دسمبر تاریخ پاکستان میں سانحہ اے پی ایس پشاور کی وجہ سے ایک سیاہ ترین دن ہے

عید گاہ شریف میں شہدائے اے پی ایس پشاور کی یاد میں منعقدہ کانفرنس سے سجادہ نشین پیر محمد حسان حسیب الرحمٰن کا خطاب

اتوار 16 دسمبر 2018 21:30

راولپنڈی16دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2018ء) عیدگاہ شریف کے سجادہ نشین پیر محمد حسان حسیب الرحمٰن نے کہاہے کہ دین متین اسلام کے نام پر بے گناہ انسانوں کے ہاتھ سے خون رنگنے والے اور دہشتگرد عناصر کا وطن عزیز ،اسلام اور انسانیت سے کوئی تعلق نہیں ہے،16دسمبر تاریخ پاکستان میں سانحہ اے پی ایس پشاور کی وجہ سے ایک سیاہ ترین دن ہے‘اللہ کریم اپنے پیارے حبیبؐ کے صدقے اس سانحہ کے 144معصوم شہداء کے درجات کو بے پناہ بلندیاں عطافرمائے اور ان کی اس قربانی کے صدقے وطن عزیز کو سلامتی و استحکام عطافرمائے اور کبھی پاکستان کی تاریخ میں ایسے واقعات رونما نہ ہوں‘ دہشتگردی کا ارتکاب کرنے والے عناصر دائرہ اسلام سے خارج ہیں‘ ہم دہشتگردی کی ہر صورت کی مکمل مذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

سانحہ اے پی ایس پر پوری قوم افسردہ ہے مگر اس واقعہ نے پاکستانی قوم کو یکجا کر دیا ہے۔اس اندوہناک سانحہ پر پوری قوم اپنی بہادر فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،دہشتگردی کی لعنت پر قابو پانے اور اس کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے افواج پاکستان نے بے مثال قربانیاں دی ہیں ہم ان کو سلام پیش کرتے ہیں اور پوری قوم دہشتگردی کی اس جنگ میں اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز عید گاہ شریف میں شہدائے اے پی ایس پشاور کی یاد میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جنرل (ر)صباحت نے کہا ہے کہ افواج پاکستان وطن عزیز کے دفاع کے لئے مکمل تیار ہیںاور اپنے خون کا ایک ایک قطرہ وطن عزیز کی سلامتی پر نچھاور کرنے کے لئے تیار ہیں۔سابق چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد افضل طاہر نے کہاہے کہ پاکستان کی بہادر افواج وطن عزیز کی سلامتی و استحکام کے لئے ہر لمحہ تیار ہے سانحہ اے پی ایس پشاور کی جس قدر مذمت کی جائے کم ہے۔

ہمیں ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے ہوں گے۔برگیڈئیر(ر)صادق رائی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ 16دسمبر اے پی ایس کے شہداء کے غم میں پوری قوم شریک ہے اور ان کے خاندانوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتی ہے۔کانفرنس میں مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام کے علاوہ سینئر صحافی سلیم صافی،وسیم بادامی،رحمان اظہر نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔کانفرنس کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحٰمن نے وطن عزیز کی سلامتی ،خوشحالی،ترقی اور افواج پاکستان کی سربلندی کے لئے دعا کی۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں