سابقہ ادوار میں تعلیم اور صحت کا شعبہ مکمل نظر انداز کیا گیا، رواں ماہ کے آخر تک دو کروڑ ہیلتھ کارڈز کا اجراء ہو گا

وفاقی وزیر صحت عامر کیانی کی کنٹونمنٹ جنرل اسپتال کے دورہ کے موقع پر گفتگو

اتوار 16 دسمبر 2018 22:10

راولپنڈی۔ 16دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2018ء) وفاقی وزیر صحت عامر کیانی نے کہا ہے کہ سابقہ ادوار میں تعلیم اور صحت کا شعبہ مکمل نظر انداز کیا گیا،ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے عوام کا خون چوسا، عوام ان کے اثاثے جانتی ہے، سابقہ حکمرانوں سے لوٹا ہوا پیسا واپس لے کر عوام پر لگائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر صحت عامر کیانی نے اتوار کو کنٹونمنٹ جنرل اسپتال راولپنڈی کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہاکہ عوام نے پی ٹی آئی کو اقتدار دیا ،سابق حکومتوں کی ترجیح تعلیم اور صحت نہیں تھی ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ رواں ماہ کے آخر تک دو کروڑ ہیلتھ کارڈ جاری کریں گے جس سے عوام کو بہتر اور معیاری علاج معالجے کی سہولت ملے گی۔

(جاری ہے)

عامر کیانی نے کہا کہ کنٹونمنٹ جنرل اسپتال میں شہر کے سرکاری اسپتالوں کی طرح مفت علاج کی سہولت ہو گی،اسپتال میں ڈائلائسز پر کوئی توجہ نہیں جو گورنمنٹ کی ترجیح ہے،اعضا کی پوند کاری کا سینٹر بھی بناہیں گے،اسپتال کے مخلتف شعبوں کے لئے پی سی ون طلب کرلیا ہے جڑواں شہروں میں چار بڑے نئے اسپتال بھی جلد بنائیں گے۔

اس موقع پر انتظامیہ نے کنٹونمنٹ اسپتال کے حوالے سے وفاقی وزیر صحت عامر کیانی کوبریفنگ بھی دی۔راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ کنٹو نمنٹ جنرل ہسپتا ل راولپنڈی کو500بسترو ں کا شاہکار ہسپتال بنا یا جا رہا ہے،قبل ازیں ماضی میں یہ ہسپتال 80بستروں پر مشتمل تھا جسے اب 500بستر کے ہسپتال میں تبدیل کرنے کے لیے خطیر رقم سے اپ گریڈیشن جاری ہے ۔

کینٹ جنرل ہسپتال کے ڈھانچے کی بہتری ،سیوریج لائنوں اور لفٹو ں کی بحالی کے لیے گذشتہ مالی سال میں 180ملین روپے کی خطیر رقم خرچ کی گئی تھی ۔حالیہ اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے تحت کینٹ جنرل ہسپتال کے ناک کان گلا ،گائنی ،کارڈیالوجی اورایمرجنسی سمیت 14 شعبوں کو اپ گریڈ کیا جا رہاہے جبکہ طبی فضلے کے انسداد کے لیے الیکٹرک انسینیٹر کی تنصیب بھی کی جائے گی ۔

ذرائع نے بتایاکہ ہسپتال کی اپ گریڈیشن کا کام 570ملین روپے سے مکمل کیا جا رہاہے جس کے تحت الیکٹرو میڈیکل آلات کی خریداری 348.98 روپے کی رقم سے ، لانڈری اور سی ایس ایس ڈی پر 69.96 ملین روپے ،ٹرانسپورٹ ،ایمبولینسز کی خریداری 42ملین روپے ،متفرق اخراجات پر 9.59 ملین روپے جبکہ انسینیٹر کی تنصیب پر 30ملین روپے کی لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔کنٹونمنٹ جنرل ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے آّر سی بی ذرائع نے قومی خبرایجنسی کو بتایاکہ اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے لیے مختص 57کروڑ روپے میں سے 45کروڑ روپے ورک آرڈرز کا اجراء کر دیا گیا تھا جس کے بعد مشینری کی سپلائی اور تنصیب بھی شروع ہو چکی ہے جبکہ مشینری کی کوالٹی و دیگر تکنیکی جانچ پڑتال کاکام الیکٹرو میڈیکل انجنیئراور ریڈیالوجسٹ کی زیر نگرانی تیزی سے جاری ہے ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں