پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،شیخ رشید احمد

بھارت معصوم کشمیریوں کی آواز دبانے کے لیے طاقت کا بہیمانہ استعمال کر رہاہے ، مقبوضہ کشمیر میں آزادی کے متوالوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں ،رئیس الاحرار چوہدری غلام عباس کا پہلے بھی سپاہی تھا ، ہوں اور رہوں گا،وفاقی وزیر کا راولپنڈی میں تقریب سے خطاب

منگل 18 دسمبر 2018 21:22

پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،شیخ رشید احمد
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بھارت معصوم کشمیریوں کی آواز دبانے کے لیے طاقت کا بہیمانہ استعمال کر رہاہے اور مقبوضہ کشمیر میں آزادی کے متوالوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں ، پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دنیا کے مختلف حصوں میں موجود کشمیری بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں ، مقبوضہ بھارتی افواج کشمیریوں سے ان کا حق خودارادیت نہیں چھین نہیں سکتیں ،تحریک آزادی کشمیر نئے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور کشمیری نوجوان بھارت سے آزادی کے لیے سر بکفن ہیں ، میں رئیس الاحرار چوہدری غلام عباس کا پہلے بھی سپاہی تھا ، ہوں اور رہوں گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز راولپنڈی میں رئیس الاحرار چوہدری غلام عباس کے مزار پر ان کی 51ویں برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہندوستان اپنے میزائل کا بار بار شو دکھا رہا ہے، ہمارے میزائل بھارت کے چپے چپے پر پہنچ سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی چاہ بہار بندرگاہ دو ایم این ٹی اور ہماری بندرگاہ دنیا کی سب سے گہری بندر گاہ ہے،گوادر بندرگاہ پر ایک وقت میں ایک سو چھیاسی بحری جہاز لنگر انداز ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جغرافیائی صورتحال انتہائی اہم ہے ، نریندر مودی انتخابات سے قبل کوئی بھی بیوقوفی کرسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جیلوں میں ان افراد کے لیے صفائیاں ہورہی ہیں جن کے لیے کبھی پروٹوکول ہوتا تھا۔ اس موقع پر سابق صدر آزاد کشمیر سمیت دیگر کشمیری راہنمائوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے ر ئیس الاحرار چوہدری غلام عباس کی تحریک آزادی کشمیر کے لیے قومی و ملی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور کہاکہ چوہدری غلام عباس کی تاریخی خدمات کو تحریک آزادی کشمیر کی تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں