آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا قطر کا دورہ، قومی دن کی پریڈ میں شرکت

آرمی چیف نے امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی، وزیراعظم و وزیر داخلہ شیخ عبدالله بن نصیر بن خلیفہ الثانی سے ملاقاتیں کیں

منگل 18 دسمبر 2018 23:06

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا قطر کا دورہ، قومی دن کی پریڈ میں شرکت
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے قطر کا دورہ کیا اور قطر کے قومی دن کی پریڈ میں شرکت کی۔ منگل کو آئی ایس پی آر کی طرف سے یہاں جاری بیان کے مطابق آرمی چیف نے قطری مسلح افواج کی پیشہ وارانہ اور متاثرکن شاندار پریڈ اور قومی یکجہتی و ترقی کے اظہار پر اپنے قطری ہم منصب لیفٹیننٹ جنرل سٹاف (پائلٹ) غنیم بن شاہین الغنیم کو مبارکباد دی۔

قبل ازیں آرمی چیف نے امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

امیر قطر نے افغانستان سمیت علاقائی استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں اور کردار کی تعریف کی۔ بری فوج کے سربراہ نے افغان امن عمل کیلئے سیاسی مذاکرات میں مسلسل تعاون پر امیر قطر کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ سکیورٹی تعاون کے فروغ کیلئے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بری فوج کے سربراہ نے قطر کے وزیراعظم و وزیر داخلہ شیخ عبدالله بن نصیر بن خلیفہ الثانی سے بھی ملاقات کی۔ قطر کے وزیراعظم نے سکیورٹی سمیت باہمی تعاون کو وسعت دینے اور مزید بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ بری فوج کے سربراہ نے پاکستان کی طرف سے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں