رابطہ کمیٹی شہر میں امن و امان قائم رکھنے اور معمولی نوعیت کے جرائم کے خاتمے میں معاون ثابت ہو گی ،سی پی او

منگل 22 جنوری 2019 21:20

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) راولپنڈی شہر سے جرائم کے خاتمے کے لیے پولیس اور بزنس کمیونٹی کا رابطہ ناگزیر ہے اور تاجر برادری سے جڑے ہر مسئلے کے حل کے لیے کمیونٹی پولیس کی طرز پر ایک ماڈل پروجیکٹ شروع کیا جا رہا ہے۔ سی پی او آفس میں ایک خصوصی ہیلپ ڈیسک قائم کیا جائے گا۔ پولیس کے سینئر آفیسرز اور چیمبر آف کامرس کے نمائندوں پر مشتمل ایک کمیٹی قائم کی جائے گی جس کا ہر ماہ باقاعدگی کے ساتھ اجلاس منعقد ہو گا۔

رابطہ کمیٹی شہر میں امن و امان قائم رکھنے اور معمولی نوعیت کے جرائم کے خاتمے میں معاون ثابت ہو گی ۔باقی شہروں کی طرح راولپنڈی میں بھی سیف سٹی پروجیکٹ شروع کیا جائے گا جو تین سال میں مکمل ہو گا۔ ان خیالات کا اظہارسی پی او راولپنڈی عباس احسن نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے دورے کے موقع پر تاجروں کے اجلاس سے خطاب میں کہی ۔

(جاری ہے)

ان کے ہمراہ ایس ایس پی آپریشنز،ایس پیز، ڈی ایس پیز،اہم تھانوں کے انچارج اے ایس پی ، ڈی ایس پی اور لیڈی پولیس آفیسرز بھی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ کمیونٹی پولیس کو ماڈل بنانے کے لیے چیمبر کا پلیٹ فارم اہم ہے۔ تاجر وں کی نمائندہ تنظیمیں، چیمبر عہدیداران اور پولیس مل کر اس کو کامیاب بنائے گی۔ صدر چیمبر ملک شاہد سلیم نے کہا کہ ایک ہفتے کے اندر سی پی او کا چیمبر کی دعوت پر دورہ کرنا، انتظامیہ کی سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے۔ جتنا زیادہ رابطے بڑھیں گے عوام اورتاجر برادری کا پولیس پر اعتماد بڑھے گا۔

انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب، گارڈز کی سکروٹنی، مانیٹرنگ کے حوالے سے پولیس تربیتی ورکشاپس کرائے، چیمبر تعاون کرے گا۔ حالیہ دنوں میں سٹریٹ کرائمز میں اضافہ ہوا ہے۔ پولیس گشت اور نفری بڑھائے، چوری کی وارداتوں کو روکنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کرے۔ تھانوں میں فرنٹ ڈسیک اور سہولت مراکز کا قیام خوش آئند ہے۔

راولپنڈی چیمبر شہر میں امن و امان کو قائم کرنے کے لیے تما م تر وسائل بروے کار لائے گا انہوں نے کہا کہ مصالحاتی کمیٹیوں کے قیام سے پولیس کلچر اور تھانہ کلچر ختم کرنے میں بھی مدد ملے گی انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی اور پولیس کی مشترکہ نمائندگی ہونے سے چیمبر پولیس رابطہ کمیٹی فعال انداز میں کام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے ساتھ قریبی رابطوں سے تاجر برادری سے جڑے مختلف مسائل خاص طور پر امن و امان، تجاوزات ، پارکنگ اور ٹریفک کے بہاو میں رکاوٹ کے حل میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر گروپ لیڈرز سہیل الطاف، ایس ایم نسیم ، سینئر نائب صدر محمد بدر ہارون ، نائب صدر فیاض قریشی، سابق صدور، مجلس عاملہ کے اراکین، انجمن تاجران کے نمائندے اور چیمبر ممبران کی ایک کیثر تعداد موجود تھی۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں