پٹرول کتنا بھی مہنگا ہو جائے کوئی پریشانی نہیں

ٹیکسلا کے رہائشی شہری نے پٹرول اور ڈیزل کا متبادل ڈھونڈ لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 23 جنوری 2019 13:46

پٹرول کتنا بھی مہنگا ہو جائے کوئی پریشانی نہیں
ٹیکسلا (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 جنوری 2019ء) : علامہ اقبال نے پاکستانی نوجوانوں سے متعلق کہا تھا کہ ''ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی''۔ اقبال کی اسی بات کو پورا کرتے ہوئے پاکستانی نوجوانوں نے کئی ایسے کارنامے اور اعزازات حاصل کیے جس سے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن ہو گیا ۔ پاکستانی طلبا اور نوجوان اپنی قابلیت اور صلاحیت کے بل بوتے پر ایسی ایجادات کرتے ہیں کہ عقل دنگ رہ جاتی ہے۔

تاہم اب حال ہی میں ٹیکسلا کے رہائشی ایک شہری نے پٹرول اور ڈیزل کا متبادل بھی ڈھونڈ نکالا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جانوروں، مرغیوں کی چربی سستے ایندھن میں تبدیل کر کے متبادل توانائی دریافت کرنے والے شخص کا دعویٰ ہے کہ یہ نہ صرف ڈیزل سے پچاس فیصد سستی ہے بلکہ مکمل طور پر ماحول دوست بھی ہے۔

(جاری ہے)

توانائی کا یہ نیا فارمولا متعارف کرنے والے ٹیکسلا کے رہائشی انجینئر اختر نے کہا کہ میں آئل سے جنریٹر چلانے کا کامیاب تجربہ کر چکا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ یہ عام ڈیزل سے نصف قیمت میں پڑے گا دوسرا یہ ماحول دوست ہے اور یہ کاربن ڈائی آکسائیڈ بھی نہیں چھوڑتا۔ چربی سے گاڑیاں چلانے والا آئل تیار کرلیا گیا ہے لیکن یہ 32 ڈگری سے کم درجہ حرارت پرجم جاتا ہے۔ تاہم اس حوالے سے ماہرین کے ساتھ بات چل رہی ہے جس کے بعد یہ مسئلہ جلد حل ہو جانے کا امکان ہے۔ چوہدری اختر نے بتایا کہ میرا فارمولا دیکھ کر ای ایم ای کالج نے مجھ سے وعدہ کیا ہے کہ ان کے پاس سینسر ہیں،لیبارٹری بھی ہے جس سے اس کو فل آٹومیٹک کیا جا سکتا ہے۔

چوہدری اختر کی اس ایجاد کو خوب پذیرائی ملی اور خیال کیا جا رہا ہے کہ اگر یہ فارمولا کامیاب ہو گیا تو ملکی سطح پر بھی اس سے کئی فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں جبکہ ملک میں توانائی کے بحران پر قابو پانے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں