آج صرف پلوامہ پر جواب دوں گا ، سیاست پر کوئی بات نہ کریں

عالمی عدالت میں نواز شریف کے بیان کو بطور ثبوت پیش کیے جانے سے متعلق سوال پر ڈی جی آئی ایس پی آر کا رد عمل

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 22 فروری 2019 15:57

آج صرف پلوامہ پر جواب دوں گا ، سیاست پر کوئی بات نہ کریں
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 فروری 2019ء) : ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے آج پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کی الزام تراشیوں پر منہ توڑ جواب دیا اور کہا کہ بھارت یاد رکھے کہ اس مرتبہ ہم جارحیت کا فوری جواب دیں گے۔ پریس کانفرنس کے بعد عالمی عدالت انصاف میں ممبئی حملوں سے متعلق سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیان کو بطور ثبوت پیش کیے جانے اور اسی حوالے سے سابق صدر پرویز مشرف کے بیان سے متعلق کیے گئے سوال پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ میں آج صرف پلوامہ حملے سے متعلق سوالات کے جواب دوں گا، آج سیاست پر کوئی بات نہیں ہو گی۔

پریس کانفرنس کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاکستان میں انڈیا کی مداخلت اور دہشتگردی کا زندہ ثبوت کلبھوشن کی صورت میں موجود ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کا سارا میڈیا جنگی صحافت کررہا ہے، جبکہ ہمارا میڈیا امن کی صحافت کو لیکر آگے بڑھ رہا ہے۔پاکستانی اور بھارتی میڈیا میں یہی فرق ہے۔خطے میں امن چاہتے ہیں تو ہمارے ملک میں کلبھوشنوں کو مت بھیجو، اگر ہم خطے میں امن چاہتے ہیں تو افغان امن عمل کی کامیابی ضروری ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارتی الزام تراشیوں اور دھمکیوں پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم جنگ میں پہل نہیں چاہتے، لیکن بھارتی جنگی پہل پر ہمارا فوجی ردعمل مختلف ہوگا۔ پاکستان بدل رہا ہے، نیا مائنڈ سیٹ آرہا ہے،پلوامہ حملے پر ہمارے وزیراعظم نے بھارت کو شواہد دینے اور دہشتگردی پر مذاکرات کی بھی پیشکش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پلوامہ واقعات پر کافی چیزیں ہوئی ہیں۔14فروری کو سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا، جس کا الزام پاکستان پر لگا دیا گیا۔پاکستان نے اس بار جواب دینے کے لیے تھوڑا سا وقت لیا ہے۔ پاکستان نے الزامات کی تحقیق کی ، اور پھر پاکستان کے وزیراعظم نے جواب دیا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں